کینالز تنازع ،سینٹ میں ہنگامہ،ن لیگ،پی پی کی ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری میں شدت

اسلام آباد،کراچی،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)کینالز تنازع پر ن لیگ،پی پی کی ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری میں شدت،سینٹ اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر، پیپلز پارٹی کا نہروں کے منصوبے کیخلاف واک آوٹ،ایوان پانی پر ڈاکہ، چوری نامنظورکے نعروں سے گونج اٹھا۔

اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت شروع ہوا، اپوزیشن نے نکتہ اعتراض پر وقت نہ دینے پر احتجاج کیا ،کینالز منصوبے کیخلاف پیپلز پارٹی کے سینیٹرز نے چیئرمین ڈائس کے سامنے جمع ہوکر شدید احتجاج کیا،پانی پر ڈاکہ ،چوری نامنظور کے نعرے لگاتے ہوئے ایوان سے واک آﺅٹ کردیا،پی ٹی آئی اراکین نے شورشرابہ کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی سیاست کو منافقت پر مبنی قرار دینے والے نعرے لگائے ۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہااظہار خیال کرتے ہوئے کہاکینالز کے معاملے پر آئین وقانون کے مطابق بیٹھ کر بات ہوگی، رانا ثنا وزیراعظم کی ہدایت پر سندھ حکومت ،پیپلزپارٹی سے رابطے میں ہیں،مسئلے پر احتجاج کے بجائے بات چیت کریں،کوئی چیز بلڈوز نہیں ہوگی، کابینہ اراکین ایوان میں سوالوں کے جواب دیں گے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا سندھ میں نظام منجمد ہوگیا، عوام سراپا احتجاج ہیں ،کینالز کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا رویہ بڑا منافقانہ ہے، صدر صاحب نے جولائی میں منصوبے پر اتفاق کیا اور پھر تقریر میں مخالفت کردی۔

پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا پانی کی قلت ہر شہری کو متاثر کرتی ہے،مسئلے کو 8 ماہ سے اٹھارہے ہیں،آپ سندھ سے پانی کھینچیں گے تو کیا بات نہیں کریں گے، پانی کا مسئلہ کیوں متنازع کیا جارہا ہے؟ آپ دیوار سے لگائیں گے تو دمادم مست قلندر ہوگا، سخت سیاست تبھی کرتے ہیں جب دیوار سے لگایا جاتا ہے،جنوبی پنجاب کے لوگ بھی پانی پر سراپا احتجاج ہیں، اپنا بنیادی حق مانگ رہے ہیں،بعدازاں چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے اجلاس 25 اپریل تک ملتوی کردیا۔

دریں اثنا مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہاطعنہ دینے والے ہمارے ووٹوں سے ہی صدر بنے، بیان دینے کی ایک حد ہونی چاہیے، دوسروں کی عزت و احترام کیاجائے، سندھ کا ایک بوند بھی پانی چوری کا ارادہ نہیں، صوبائی حکومت سے بات کرنے کو تیار ہےں ،وزیراعظم معاملے پر مناسب فیصلہ کریں گے۔

رانا ثنا نے کہابلاول بھٹو کی جلسہ عام میں تقریر جوش خطاب پر مبنی تھی ،جوش خطابت میں بہت ساری باتیں ہوجاتی ہیں، رد عمل دینے کی ضرورت نہیں لیکن بیانات دائرے میں ہونے چاہئیں، آصف زرداری کی زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میں نہروں پر صرف مشاورت ہوئی تھی، منصوبے کی منظوری نہیں دی گئی ،چولستان کو پانی پہنچانے والی نہر اتفاق رائے کے ساتھ ہی بنے گی۔

مشیر وزیراعظم نے کہا پنجاب پر سندھ کا پانی چوری کرنے کا الزام لگایا گیا ہے تو پنجاب کو صفائی پیش کرنے کا تو موقع دیا جائے اگر فوری طور پر منصوبہ ختم کر دیا گیا تو مطلب الزام تسلیم کرنا ہوگا۔

علاوہ ازیں رانا ثنا نے دریائے سندھ پر 6 کینالز کے معاملے پر قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو ،جمعیت علمائے اسلام کے رہنما علامہ راشد محمود سومرو سے رابطہ کیا اور مذاکرات کی پیشکش کردی ۔

ایاز لطیف پلیجو نے کہا 6 کینالوں کے معاملے پر سارے سندھ میں غصہ ، بے چینی ہے، فیصلہ کر کے سندھ کےساتھ شدید ناانصافی کی گئی،رانا ثنا نے کہاوزیراعظم شہباز شریف آپ سے ملنا چاہتے ہیں، سندھ کی مختلف جماعتوں کے نمائندوں کا کوئی وفد بنائیں گے تو بات چیت کی جا سکتی ہے،ایاز لطیف پلیجو نے مطالبہ کیا آپ فوراً کینالوں کا فیصلہ واپس لیں تو مسئلہ حل ہو سکتا ہے، سندھ سارے فیصلے مشترکہ مشاورت کے طور پر کر رہا ہے، تمام جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ ہے پہلے کینالوں کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

راشد محمود سومرو نے مشاورتی عمل میں قوم پرست جماعتوں کو شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا سندھ کی سیاسی جماعتوں ،وکلا کو بھی اعتماد میں لیا جائے، مذاکرات سے پہلے متنازع کینالز پر فوری طور پر کام روکا جائے، جمعیت علمائے اسلام سندھ کا واضح مو¿قف ہے سندھ کے پانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں ہوگا۔

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہامراد علی شاہ اورپیپلز پارٹی 16 سال سے سندھ پر حکومت کر رہی ہے،اپنی کارکردگی بتائیں، وزیراعلیٰ سندھ کو علی امین گنڈا پور سے مختلف نظر آنا چاہیے،مراد علی شاہ کو سندھ کے کسانوں سے زیادہ پنجاب کے کسانوں کی فکر لاحق ہے ، پنجاب کے کسانوں کی فکر کرنے کیلئے پنجاب کے وارث خود موجود ہیں، کیا سندھ میں کاشتکار نہیں؟ اور کیا سندھ حکومت نے گندم کی قیمت مقرر کی ہے؟۔

عظمیٰ بخاری نے سوال اٹھایا کیا سندھ حکومت نے کسانوں سے گندم خرید لی ؟ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایک سال میں پنجاب کے کسانوں کو 110 ارب کا تاریخی پیکیج دیا، پنجاب کے کسانوں کو کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر اور سپر سیڈر بھی فراہم کردئیے،پنجاب میں رواںسال ریکارڈ گندم کی پیداوار ہوئی اور آئندہ سال بھی زیادہ پیداوار حاصل ہوگی،پنجاب کی ترقی و خوشحالی اب 2 صوبائی حکومتوں کے اعصاب پر سوار ہے،مراد علی شاہ سندھ کی مرکزی شاہراہ بند کرنے والے مظاہرین کی حمایت کر رہے ہیں۔

ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہر قیمت پر نہروں کا منصوبہ نہ بننے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے ہر گارنٹی دینے کو تیار ہیں سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی عوام کی طاقت سے نہروں کا منصوبہ نہیں بننے دے گی،جولائی 2024 سے نہر منصوبے پر کام اور نومبر سے ایکنک میں منظوری رکی ہوئی ہے، ناخوش ہیں اب تک منصوبے کو ختم کیوں نہیں کیا گیا،وزیراعظم کو بھی نہروں کے نتائج کی سنگینی کا اندازہ ہے، امید ہے انصاف سے کام لیں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرادعلی شا ہ نے کہاوکیل اور قوم پرست احتجاج ضرور کریں مگر اپنے لوگوں کو تکلیف دینے سے گریز کریں، پیپلزپارٹی ،مظاہرین کا مقصد ایک ہے اگرکینال منصوبہ ہاتھ سے نکل گیا تو پھر احتجاج کیلئے نکلیں گے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ن لیگ سے تعلق رکھنے والے کچھ وزرا بیان بازی کر رہے ہیں، شہباز،نواز اپنے لوگوں کو سمجھائیں، یہی روش رہی تو بات نہیں بنی گی،متنازع کنالز پر پیپلز پارٹی کا واضح موقف ہے، کوشش ہے مسئلے کو حل کیا جائے، لوگوں کے جائز خدشات ہیں، نگران حکومت کے دوران ارسا نے سرٹیفکیٹ جاری کیا اور کہا کنالز بنائیں پانی موجود ہے تب بھی سندھ کے نمائندے نے مخالفت کی تھی۔

شرجیل میمن نے کہاصدر مملکت نے جوائنٹ سیشن میں کہا منصوبے کو سپورٹ نہیں کر سکتے،احتجاج کرنا آئینی و قانونی حق ہے لیکن سڑکوں کو بلاک نہ کریں، ٹرکوں میں مویشی پھنسے ہیں ،خوراک نہیں پہنچ پا رہی ، ایکسپورٹ کا سامان پھنسا ہے، میری التجا ہے لوگوں کا خیال کریں، احتجاج کو پرامن رکھیں، معاملے پر ن لیگ کے سنجیدہ لوگوں سے بات ہو رہی ہے، ن لیگ اپنے وزرا کو سمجھائے ورنہ پھر شاید اپنے ترجمانوں کو روک نہ سکیں، یہی روش رہی تو بات نہیں بنی گی۔

علاوہ ازیں کینالز معاملے پر سندھ کے عوام بدستور سراپا احتجاج ہیں،مختلف شہروں میں وکلا برادری نے مظاہرے کیے، کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر احتجاج کیا ،شدید نعرے بازی کی گئی،خیرپور میں ببر لو بائی پاس پردھرنے کے باعث ٹریفک معطل، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سندھ بار کونسل نے کینالز منصوبے کیخلاف25 اپریل کے بعد ریلوے کا پہیہ جام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہامتنازع منصوبہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے، 25 اپریل کے بعد قومی شاہراہ کےساتھ ساتھ ریلوے ٹریکس پر بھی دھرنے دیئے جائیں گے،عوام سے اپیل ہے ٹرینوں میں سفر کرنے سے گریز کریں ،دریائے سندھ صوبے کی شہ رگ ہے ،سمجھوتہ کسی صورت قبول نہیں، کینالز بنا کر سندھ کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔