ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کیلئے 360 حل پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے: رانا مشہود احمد

کراچی (بیورو رپورٹ) چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے اقراءیونیورسٹی کراچی کا دورہ کیا اور طلبا اور فیکلٹی ممبران سے بات چیت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایم وائی پی رانا مشہود نے کہا کہ معاشرے کے ہر مرحلے میں شمولیت کے حصول کیلئے حکومت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ اور نیشنل یوتھ ایڈولیسنٹ کے حوالے سے ایک جامع پالیسی وضع کررہی ہے۔ انہوں نے حاضرین کو بریفنگ دی کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ڈیجیٹل ہب فار یوتھ کا آغاز کیا ہے جو نوجوانوں کو ون سٹاپ پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ YDH کے ذریعے اس ملک کے نوجوانوں کو انٹرن شپ، سکالرشپ، ملازمتوں، رضاکارانہ مواقع تک رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے حاضرین کو اس دور کے بارے میں یاد دلایا جب وہ پنجاب حکومت میں یوتھ ڈویلپمنٹ کیلئے کام کر رہے تھے،ہم نے اس ملک کے دور دراز اور پسے ہوئے لوگوں کو وظائف، فنی تعلیم اور تربیت فراہم کی، جس کی وجہ سے اب ان میں سے کچھ ڈاکٹر، انجینئر اور ماہر تعلیم ہیں، انہوں نے جاری رکھا۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہ پنجاب میں کامیاب ماڈل قومی اداروں میں کیسے تیار ہوئے، انہوں نے کہا کہ اہم اور قابل ذکر کامیابیوں کی وجہ سے پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ اور دانش سکول ماڈل اب پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ اور دانش اتھارٹی ہے۔ماضی کی یاد دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان 2016 میں ترقی کی طرف گامزن تھا اور خود کفیل ہو گیا تھا لیکن افسوس کی بات ہے کہ 2019ءاور اسکے بعد کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ کی طرف چلا گیا۔ انہوں نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے اور خود کفالت دوبارہ حاصل کرنے کیلئے غیر متزلزل عزم پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنے خوابوں کی سرمایہ کاری کریں اور قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں جس کے آنے والی نسلوں کیلئے لازوال نتائج برآمد ہوں گے۔