اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) اوورسیز کیلئے اسلام آباد میں تاریخی کنونشن شروع، دنیا بھر سے 1200سے زائد پاکستانیوں کی شر کت، والہانہ استقبال، ریاستی مہمان کا درجہ دےدیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک، قومی ترانے اور ”پاکستان زندہ باد“ کے فلک شگاف نعروں سے ہوا، وزیراعظم، آرمی چیف کی جانب سے خصوصی عشائیے نے اوورسیز میں مزید جوش و ولولہ پیدا کردیا،پرتپاک میزبانی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔
اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعظم شہبازشریف کنونشن سے خطاب کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کےلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کریں گے، وزیراعظم اور آرمی چیف کا خطاب منگل کو ہوگا، کنونشن اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات و ملکی معیشت میں کردار کا اعتراف ہے، دیارغیر میں مقیم پاکستانیوں کی کثیر تعداد میں شرکت نے ثابت کردیا اوورسیز کیلئے پاکستان سب سے پہلے ہے، پی ٹی آئی سمیت کوئی بھی ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے سے نہیں رو ک سکتا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق و دیگر اہم شخصیات نے بھی خطاب کے دوران اوورسیز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، تجزیہ کاروں کے مطابق تاریخ ساز اجتماع نے نہ صرف اوورسیز کمیونٹی کو پلیٹ فارم پر اکٹھا کردیا بلکہ پی ٹی آئی کے بیرون ملک اثرورسوخ کو بھی واضح طور پر کمزور کیا، ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ اور اوورسیز پاکستانیوں کی حکومت پر بڑھتے اعتماد نے فضا کو یکسر بدل دیا۔
کامیاب کنونشن میںاو پی ایف کے چیئرمین سید قمر رضا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیرچودھری سالک حسین، پنجاب اوورسیز کمیشن کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کلیدی کردار ادا کیا، رہنماوں کی کاوشوں سے دنیا بھر کے پاکستانیوں کو وطن سے جڑنے کا نادر موقع ملا، کنونشن نہ صرف حکومتی پالیسیوں پر مثبت اثر ڈالے گا بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے دلوں میں نئی امید بھی پیدا کریگا۔
تقریب میں وفاقی وزیر چودھری سالک نے بھی خطاب کیا اور اوورسیز کے مسائل سنے ،حل کرنے کا یقین دلایا، تقریب میں سوالات اور جوابات کا سیشن بھی ہوا۔
نیویارک امریکہ میں مقیم ممتاز کشمیری وصحافی خواجہ فاروق نے نیویارک سے پی آئی اے کی پرواز یں شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہااگر حکومت دیرینہ مسئلے کو حل کر دے تو اوورسیز عمران خان کی حمایت نہیں کریں گے اور موجودہ حکومت کی بھر پور حمایت کر یں گے،امریکہ سمیت پوری دنیا کنونشن کو مانیٹر کر رہی ہے اور کامیاب کنونشن کے بعد پاکستان کو دنیا میں سیاسی حمایت ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں تاریخی کنونشن شروع، اوورسیز کیلئے خصوصی پیکیج تیار ،خصوصی عشائیہ
















