ایل ڈبلیو ایم سی، رینٹ پر مشینری لیکر کروڑوں کی غیرضروری ادائیگیاں

لاہور (نوید چودھری) لاہور کی سطح تک محدود صوبہ پنجاب کی تمام پبلک سیکٹر کمپنیوں میں سب سے زیادہ سرکاری فنڈز کے استعمال کا اختیار رکھنے والی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی انتظامی بحران کے باعث سفید ہاتھی کا روپ دھار چکی ہے، لکھو ڈیر ڈمپ سائٹ کیلئے ذاتی مشینری خریدنے کی طاقت ہونے کے باوجود رینٹ پر مشینری حاصل کر کے کروڑوں روپے کی غیرضروری ادائیگیوں کا اضافی بوجھ سالہاسال سے برداشت کیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں لوڈر رکشوں پر اڑھائی سے تین ارب روپے خرچ کرنے کی بجائے ان پیسوں سے ڈمپ سائٹ پر استعمال ہونے والی مشینری خریدی جاسکتی تھی۔ لکھو ڈیر پر زیر استعمال ضروری مشینری کا تخمینہ لگ بھگ اڑھائی ارب روپے تک بتایا گیا ہے۔ ذرائع سے معلومات ملی ہیں کہ لکھو ڈیر ڈمپ سائٹ پر کوڑے کو ٹھکانے لگانے کیلئے 15 کے قریب ہیوی مشینیں استعمال ہو رہی ہیں جن میں چین بلڈوزر، ایکسی ویٹر، ہیوی لوڈر وغیرہ شامل ہیں۔ روزانہ 8 گھنٹے کے عوض ایک گاڑی کو تقریباً 40 ہزار روپے تک ادا کئے جارہے ہیں جو کل ملا کر روزانہ 6 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ مذکورہ رقم سالہا سال سے ٹھیکیداروں کو ادا کی جارہی ہے جس سے خزانے پر غیر ضروری بوجھ ڈالنے کی کامیاب کوشش کی جاتی رہی ہے۔ دوسری جانب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی چار سالوں کے دوران لگ بھگ 7 ارب روپے صرف مشینری کی مد میں خرچ چکی ہے۔ اگر ان میں سے ہی چند ارب روپے نکال کر ڈمپ سائٹ کی مشینری خرید لی جاتی تو اب تک کمپنی نا صرف اپنے اثاثہ جات میں بے پناہ اضافہ کر چکی ہوتی بلکہ نئی ڈمپنگ سائٹس بھی خریدنے کی اہل ہو جاتی جو کہ وقت کی اہم ضرورت بتائی جارہی ہے کیونکہ تقریباً 200 ایکڑ پر قائم ڈمپ سائٹ مذید تھوڑے عرصہ تک ہی کوڑے کا بوجھ برداشت کر سکے گی مگر اس اہم اور حساس مسئلہ پر بھی انتظامیہ کان دھرنے کو تیار نہیں۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی موجودہ انتظامیہ اس وقت صرف اپنی نوکریاں بچانے اور مال کمانے کے مقصد کے تحت اپنے سیاسی و سرکاری آقاﺅں کی پوجا پاٹ میں مصروف ہے اور کمپنی کے حق میں بہتر انتظامی فیصلے کرنے سے بالکل قاصر دکھائی دے رہی ہے۔ خبر سے متعلق جب ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ان کے پاس درست انفارمیشن نہیں ہے لیکن وہ متعلقہ افسر سے بات کر کے ان کا موقف لیکر دیں گے لیکن اس کے بعد ان سے دوبارہ رابطہ نہ ہوسکا۔