ایکس بندش کیس میں اٹارنی جنرل معاونت کیلئے عدالت طلب


لاہور: (کورٹ رپورٹر)ایکس کی بندش کےخلاف درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل کو معاونت کےلئے طلب کر لیا۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کیس میں پی ٹی اے کی طرف سے رپورٹ جمع ہو چکی ہے، وہ حکومتی اراکین جو ایکس استعمال کر رہے ہیں ان کی لسٹ طلب کی گئی تھی، ہمارے لیے یہ ممکن ہی نہیں ایسی کوئی لسٹ مہیا کریں،ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کہا ٹوئٹر کی بندش پر پی ٹی اے اور وفاقی حکومت ایک پیج پر نہیں ہیں،چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے عدالت میں ون پیج کا تصور نہیں ہوا کرتا، آپ اورعدالت بھی ون پیج پر نہیں ہیں۔

ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کہا وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی تحریری جواب نہیں آیا، پی ٹی اے نے ٹوئٹر کس بنا پر بند کیا؟ عدالت نے ٹوئٹر استعمال کرنے والے حکومتی اراکین کی لسٹ مانگی تھی جو فراہم نہیں کی گئیں،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے حکم دیا اٹارنی جنرل پاکستان تیاری کے ساتھ پیش ہوں، تمام لیگل چیزوں پر روشنی ڈالیں،عدالت نے سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔