اسلام آباد: (بیورورپورٹ)آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کالعدم قرار دینے کیخلاف کیس آئندہ 2سماعتوں پر مکمل کرنے کا عندیہ دےدیا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے کیس پر سماعت کی،جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے ایک سازش جو ابھی ہوئی نہیں اس پر قانون کا اطلاق کیسے ہو گا؟ وکیل وزارت دفاع نے کہا آرمی ایکٹ کا سازش کرنے پر بھی نفاذ ہوتا ہے،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے ضابطہ فوجداری میں بھی قتل اور اقدام قتل کی الگ الگ شقیں ہیں، جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس میں کہا کریمنل جسٹس سسٹم کو آرٹیکل 175 کی شق تین کے تحت تحفظ حاصل ہے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے ایک کنفیوژن ہے جس پر ایک سوال پوچھنا چاہتی ہوں، پریس والے بیٹھے ہیں، ناں جانے میری آبزرویشن کو کیا سے کیا بنا دیں، اپیل کا حق بھی نہیں ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس میں کہا کیا عام قانون سازی کر کے شہریوں سے بنیادی حقوق لیے جا سکتے ہیں؟ کیا آئینی ترمیم کر کے سویلین کا ملٹری ٹرائل نہیں ہونا چاہیے تھا؟ بھارت میں ملٹری ٹرائل کےخلاف آزادانہ فورم موجود ہے،جسٹس علی مظہر نے کہا ویسے اپیل کی حد تک تو اٹارنی جنرل نے عدالت میں گزارشات پیش کی تھیں، اٹارنی جنرل کی گزارشات عدالتی کارروائی کے حکم ناموں میں موجود ہیں،جسٹس امین الدین خان نے ہدایت کی وزارت دفاع کے وکیل کے دلائل مکمل کرنے کے بعد اٹارنی جنرل خود پیش ہوں،جسٹس علی مظہر نے کہا بنیادی حقوق ملنے یا نہ ملنے کا معاملہ یا اپیل کا معاملہ ہمارے سامنے ہے ہی نہیں،جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے جب آرٹیکل 8 کی شق تین اے کے تحت معاملہ عدالت آ ہی نہیں سکتا تو پھر بات ختم، پھر کیسی اپیل؟ جسٹس علی مظہر نے کہا میں کسی کو اپیل کا حق نہیں دے رہا، بین الاقوامی طور اپیل کا حق دینے کی دلیل دی گئی،دوران سماعت سانحہ جعفر ایکسپریس کا تذکرہ بھی ہوا۔
وکیل وزارت دفاع خواجہ حارث نے کہا 9 مئی کے جرائم ریاستی مفاد کےخلاف تھے، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کوئی بھی قانون کی خلاف ورزی ریاستی مفاد کیخلاف ہوتی ہے، تمام جرائم ریاستی مفاد کےخلاف ہوتے ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے سوال اٹھایا کیا بولان میں ہونے والا ٹرین کا واقعہ ریاستی مفاد کےخلاف نہیں تھا؟ آرمڈ فورسز کا بنیادی کام دفاع پاکستان کا ہے،وکیل وزارت دفاع نے کہا پھر ہم دفاع کیسے کریں گے جب پیچھے سے ہماری ٹانگیں کھینچی جائیں؟،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے یہ کوئی جذباتی ہونے کا نہیں ملکی سکیورٹی کا معاملہ ہے، ایک پولیس والے کی ڈیوٹی ہماری عدالت کے دروازے کے باہر ہو، اس پولیس والے کی ڈیوٹی ہو گی کہ کوئی اسلحہ سے لیس شخص عدالت داخل نہ ہو مگر وہ پولیس والا 5 منٹ کےلئے ادھر ادھر ہو جائے تو اس نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی، کیا یہ سکیورٹی آف سٹیٹ نہیں؟۔
ملٹری ٹرائل،آئینی بنچ نے 2سماعتوں پر کیس مکمل کرنے کاعندیہ دےدیا


















