تحصیل ماڈل ٹاﺅن کا پٹوار سرکل اچھرہ کرپشن کا گڑھ، قومی خزانے کو بھاری نقصان

لاہور (انوسٹی گیشن سیل / میاں ذیشان سے) بورڈ آف ریونیو کی انسپکشن اینڈ آڈٹ ٹیم کی چشم کشا رپورٹ نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا۔ آڈٹ اینڈ انسپکشن رپورٹ کے مطابق رجسٹریشن ایکٹ اور ٹرانسفر آف پراپرٹی ایکٹ کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے کورٹ ڈگری اندرون حدود کمیٹی رجسٹرڈ کروائے بغیر انتقالات کی تصدیق کر دئیے گئے۔ اس عمل میں تحصیل ماڈل ٹاﺅن کا پٹوار سرکل اچھرہ بے ضابطگیوں کا گڑھ بن گیا۔ پٹواری، قانون گو اور ریونیو افسران کی وجہ سے قومی خزانے کو ایک کروڑ 70لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔ریونیو افسران بااثر پٹواری کے خلاف محکمانہ کارروائی کے بجائے خاموش تماشائی بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق بورڈ آف ریونیو پنجاب کی طرف سے جاری کردہ ہدایات موضع اچھرہ میں تعینات پٹواری حلقہ عبید اللہ گوارئیہ، حسیب احمد ریونیو افسر، محمد اقبال ریونیو افسر اور ملک مختا راحمد ریونیو افسر نے ردی کی ٹوکری کی نذر کردیں۔ پرچہ رجسٹری قانون کو سرے سے نظر انداز کیا گیا ہے جس کے تحت انتقالات کا اندراج بلا معاوضہ اور بلا تاخیر عمل میں لانا لازم ہے۔ عدالتوں سے رجسٹرڈ ہونیوالی ڈگریاں اندرون حدود کمیٹی تصدیق کروائے بغیر رجسٹریشن ایکٹ اور ٹرانسفر آف پراپرٹی ایکٹ کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے انتقالات کی تصدیق کا عمل جاری و ساری ہے۔ اس کے علاوہ بورڈ آف ریونیو پنجاب کی انسپکشن اینڈ آڈٹ نے موضع اچھرہ کی سپیشل آڈٹ رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ فیس انتقالات کی پڑتال کے دوران انتقال نمبر 60410 رقبہ تعدادی 6 کنال 6 مرلے 211 مربع فٹ میں بمطابق ڈپٹی کمشنر ویلیوایشن ٹیبل 22 کروڑ 50 ہزار مالیت بنتی تھی جس میں حکومتی ٹیکسز کی مد میں ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد کی کمی پائی گئی ہے۔ اسی طرح انتقال نمبر 60896 کو تصدیق کرتے وقت حکومتی خزانے کو 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ انتقال نمبر 61275، 61791، 63307، 64638 کو 18 لاکھ 50 ہزار سے زائد ٹیکسز کی کم ادائیگی کے باوجود انتقالات تصدیق کر دئیے گئے ہیں۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دوران پڑتال یہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ ریونیو افسران فیصلہ کردہ انتقالات بجائے دو یوم کی تاخیر سے داخل کروائے جا رہے ہیں۔ جس سے عوام الناس کو نقولات انتقالات حاصل کرنے میں مشکلات کے علاوہ بے جا رقم خرچ کرنے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسکے علاوہ آڈٹ آفیسر ٹیم نے انکشافات کیا کہ 99 فیصد ریکارڈ دینے سے پٹواری حلقہ انکاری ہوگیا تھا مزید ریکارڈ کی انسپکشن کریں تو اربوں روپے کے فراڈ منظر عام پر آسکتے ہیں۔ انسپکشن ٹیم نے افسران بالا سے درخواست کی ہے کہ عبیداللہ گورائیہ اور ریونیو افسران سے بعد تحقیقات فیس سرکار وصول کر کے داخل خزانہ سرکار میں جمع کروائی جائے اور انکے خلاف حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔