اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حکومتی پیکیج کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب کے شرکا اور قوم کو عید کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج عید کے موقع کی مناسبت سے پاکستان کی معاشی ترقی و استحکام کیلئے ایک ادنیٰ سے خوش خبری سنانے کیلئے آیا ہوں۔
تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اویس لغاری، محمد اورنگزیب، رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف، اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ، رانا تنویر حسین، حنیف عباسی، شزا فاطمہ، مصطفی کمال سمیت حکومتی عہدیداران نے شرکت کی۔ رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق، بزنس کمیونٹی اور پارلیمنٹ کے ممبران بھی تقریب میں شریک ہیں۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم آج اللہ پاک کے شکرگزار ہیں کہ میاں نواز شریف کا وہ وعدہ پورا ہوا، جس میں ہم نے اپنے منشور میں کہا تھا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا تو رفتہ رفتہ معیشت کی صورتحال مزید بہتر ہوگی اور بجلی کی قیمتیں اور بھی کم کریں گے، معاشی میدان میں کامیابیوں کا سلسلہ آگے بڑھا رہے ہیں، آگے بڑھتے ہوئے ماضی پر نظر ڈالنا بھی اہم ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا بجلی کی قیمت میں 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان

















