IMFنے بجلی سستی کرنے کی اجازت دےدی،پانی مہنگا کرنے پر اتفاق

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بجلی سستی کرنے کی اجازت،پاکستان ، آئی ایم ایف نے نئی کاربن لیوی متعارف کرانے، پانی مہنگا کرنے پر اتفاق کرلیا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بجلی ٹیرف میں کمی کی اجازت دےدی، تمام صارفین کو ایک روپے یونٹ ریلیف کیپٹیو پاور پلانٹس پر لیوی سے حاصل ریونیو سے دیا جائے گا، حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کےلئے ریلیف پیکیج پر کام جاری ہے، اعلان آئی ایم ایف کی منظوری سے کیا جائےگا،بجلی قیمت میں ایک روپے کلو واٹ کمی سے صارفین پر مجموعی طور پر 100 ارب کا بوجھ کم ہوگا۔

دریں اثناپاکستان ،آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول ایگریمنٹ (ایس ایل اے) کے تحت نئی کاربن لیوی متعارف کرانے ،بجلی نرخوں میں کمی کےساتھ پانی کی قیمتوں میں اضافے اور آٹوموبائل سیکٹر کو عالمی تجارت کےلئے کھولنے پر بھی اتفاق کرلیا گیا۔

معاہدہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے، بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو ای ایف ایف کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر تک رسائی حاصل ہو جائےگی ،پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 2 ارب ڈالر ملیں گے،ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے بجلی نرخوں میں کمی کا اعلان جلد متوقع ہے،اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔