لاہور( اپنے نمائندے سے)صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چودھری شافع حسین اور وزیر ہاوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے داتا دربار کا دورہ کیا۔ڈی جی اوقاف و مذہبی امور خالد محمود سندھو نے صوبائی وزراءکا استقبال کیا۔ صوبائی وزراءچودھری شافع حسین اور وزیر ہاوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے داتا دربار حاضری دی اور چادر چڑھائی۔ اس موقع پر پاکستان کی ترقی ،خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ صوبائی وزراءنے داتا دربار توسیعی پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹرپراجیکٹس اوقاف نے صوبائی وزراءکو جاری تعمیراتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 17کنال اراضی واگزار کرواکرمزار کے احاطے کو وسعت اور سرکلر روڈ کی ری ڈیزائننگ کی جارہی ہے ۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ داتا دربار کے توسیعی پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ صوبہ بھر میں مساجد اور مزارات کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی سکیموں کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے داتا دربار کے تعمیراتی کاموں پر زیرو ٹالرنس ،بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔صوبائی وزیر ہاوسنگ واربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے کہا کہ زائرین کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر داتا دربار کی توسیع ازحد ضروری تھی۔انہوں نے بتایا کہ مدینہ منورہ کی طرز پر کنوپیز کی تنصیب سے دربار کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوا۔
زائرین کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر داتا دربار کی توسیع ضروری تھی: صوبائی وزرا
















