ساہیوال (چوہدری اشرف سے) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول و کموڈیٹیز مینجمنٹ سلمیٰ بٹ کا ساہیوال کا تفصیلی دورہ، ڈپٹی کمشنر آفس میں رمضان نگہبان پیکیج، پرائس کنٹرول اور رمضان سہولت بازارکے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید، اے ڈی سی جنرل نیاز احمد مغل، اے سی رانا اورنگزیب سمیت مختلف محکموں کے ضلعی افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہیں، رمضان نگہبان پیکیج مستحق افراد کی حقیقی خدمت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایسا دیکھنے میں آیا ہے کہ 10ہزار روپے پے آرڈرز کومستحقین کی دہلیز تک پہنچایاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان نگہبان پیکیج 30 ارب روپے کا ایک جامع امدادی منصوبہ ہے جس سے لاکھوں مستحق افراد کو ریلیف فراہم کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پے آرڈر کی رقوم سے کٹوتی کرنے والوں کے خلاف زیر ٹالرینس پالیسی اپنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید سے قبل تمام مستحق افراد کو رمضان نگہبان پیکیج کے پے آرڈر دیدئیے جائیں گے اور ہدایت کی کہ وفات پا جانے والے افراد کے لواحقین کو رمضان نگہبان پیکیج کے پے آرڈر دیے جائیں۔ معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے کہاکہ مستحقین کو رقوم کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے کیونکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خواہش ہے کہ حقدار تک اسکا حق پہنچے اور وہ خود تعین کریں کہ کس طرح رقم خرچ کرنی ہے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 94030مستحق افراد کے پے آرڈرز موصول ہوئے جن میں سے 88248مستحق افرادتک پے آرڈر پہنچا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقررہ قیمت سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ متحرک ہے اور یکم سے 22مارچ تک ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے 155223 انسپکشنز کی گئیں جس دوران ریٹس کی خلاف ورزی کرنے پر دوکانداروں پر 16لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا۔ معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے ڈی سی آفس میں مستحق افراد سے ملاقات بھی کی اور پے آرڈز کی تقسیم کے حوالے سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پے آرڈز وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ان کیلئے تحفہ ہے۔ بعدازاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ پرائس کنٹرول چیک پوسٹ کا دورہ کیا اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے رمضان سہولت بازار کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دالیں رمضان المبارک سے قبل ہی سستی کردی گئیں تھی جبکہ کھجور،آلو، پیاز، ٹماٹر، پھل، سبزیاں، گوشت،بیسن سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی نمایاں ریلیف دیا گیا ہے۔معاون خصوصی نے اس موقع پر رمضان سہولت بازار میں قائم گھی، آٹے، چینی، سبزیوں،فروٹ،گوشت،پرچون اشیا اور چوڑی ومہندی سٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا اور قیمتوں کاجائزہ لیا۔معاون خصوصی نے اس موقع پرسٹال مالکان اور صارفین سے گفتگو کی اور قیمتوں بارے استفسارکیاجس پر سٹال مالکان اور صارفین نے اطمینا ن کااظہار کیااور وزیراعلی مریم نوازشریف کے اقداما ت کا شکریہ ادا کیا۔معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے کہا کہ موجودہ رمضان المبارک سستا ترین رمضان ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سہولت بازار میں چینی اور گھی 30روپے کلو تک سستا فراہم کیاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 80 سے زائد سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں جہاں سے شہریوں کوہرممکن ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان کے آخری روزے تک بازار میں تمام اشیاءضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہیں: سلمیٰ بٹ
















