روڈا کے 9جنگلات میں مزید درخت لگانے کی حکمت عملی تیار

لاہور:(خبر نگار)جنگلات کے عالمی دن پرماحول دوست راوی شہر میں شجر کاری مہم کا آغاز ہوگیا،روڈا کے 9جنگلات میں مزیدمقامی درخت لگانے کی مکمل حکمت عملی تیار، صرف چہار باغ اراضی پرہزاروں پودے لگا دئیے گئے ۔

راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے علاقہ میں دریائے راوی کے ساتھ 6ہزار ایکٹر پر قدرتی ذخیرہ کرول گھاٹی، رکھ جھو ک،شاہدرہ،کامران بارہ دری،انو بھٹی،کٹار بندخاص وشمالی،سدھناوالی،کروتانہ اور فیض پور جنگل کاوجود ہے جس کوبڑھوتری دینے کیلئے روڈا انتظامیہ نے باقاعدہ پلاننگ کر لی، اس حوالے سے رکھ جھو ک کے 3ہزار ایکٹر پر مرحلہ وار شجرکاری کا کام کیا جار ہا ہے جس میں پہلے مرحلہ پر درجنوں ایکٹر رقبہ پر 20ہزارسے زائدپودے لگائے گئے ۔

بعد ازاں سینکڑوں ایکٹر زپرایک لاکھ سے زائد شجر لگے اسی جگہ پر روڈا نے اشجارکو پانی دینے کی غرض سے پکے کھال بنوائے اوردرجنوں شمسی ٹیوب بل بھی نصب کئے جبکہ درختوں کی حفاظت کیلئے فاریسٹ گارڈ تعینات ہوئے،روڈا انتظامیہ نے کرول گھاٹی جنگل کے 9سو ایکٹر پر بھی مزید شجرکاری کی ،شعبہ ہارٹیکلچرروڈا کے مطابق چہار باغ رہائشی منصوبہ میں انتظامیہ نے درخت لگانے کیلئے مختلف کارنر جگہوں کا انتخاب کر لیا، عالمی یوم جنگلات کے موقع پر ڈاکٹر راشد، ندیم بخاری،اشعر آصف ڈائریکٹرزعلی مرتضیٰ،رائے بلال احمدڈپٹی ڈائریکٹرزنے سکھ چین، ارجن،پلکن،جامن کے پودے لگا کرباقاعدہ شجر کاری مہم شروع کر دی ۔