ستھرا پنجاب پروگرام کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے:چیف سیکرٹری

لاہور: (خبر نگار) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ستھرا پنجاب پروگرام کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے اور یونین کونسل کی سطح پر نگرانی اور فیڈ بیک کا موثر نظام وضع کیا جائے۔

سول سیکرٹریٹ میں ڈویژنل کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران تمام اضلاع میں ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد، عملہ،مشینری کی دستیابی اور چیلنجز کا جائزہ لیا گیا، سیکرٹری بلدیات اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے، چیف سیکرٹری نے حکم دیا عید الفطر کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور کنٹریکٹرز کو سینٹری ورکرز کی تنخواہ عید سے قبل ادا کرنے کا پابند کیا جائے۔

سیکرٹری بلدیات میاں شکیل نے کہاپہلی دفعہ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کا یکساں نظام متعارف کرایا گیا ہے، زیرو ویسٹ کا ہدف حاصل کرنے کیلئے صفائی کا کام نجی شعبے کے سپرد کیا گیا،ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صوبہ میں ایک لاکھ سے زائد سینٹری ورکرز کو صفائی کے کام پر مامور کیا گیا ہے اور اب تک 27لاکھ21ہزار ٹن کوڑااٹھایا جا چکا ہے جبکہ 13سو ویسٹ انکلوژر، 88 لینڈ فل سائٹس قائم کی گئی ہیں جبکہ صفائی سے متعلق 20ہزار شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔