پاکستان سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی دنیا میں قدم رکھنے کو تیار،سٹار لنک کو این او سی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی دنیا میں قدم رکھنے کو تیار،پاکستان سپیس ایکٹیوٹیز ریگولیٹری بورڈ نے ایلون مسک کی کمپنی سٹار لنک کو این او سی جاری کردیا۔

ذرائع کے مطابق سٹار لنک نے سپیس ریگولیٹری بورڈ کے تمام تقاضے پورے کیے ،وزارت داخلہ کی کلیئرنس کے بعد سپیس ریگولیٹری بورڈ نے این او سی جاری کیا اب پی ٹی اے آئندہ 2 ہفتوں میں سٹار لنک کو لائسنس جاری کردے گا،علاوہ ازیں کمپنی نے پاکستان سپیس ایکٹیوٹیز ریگولیٹری بورڈ سے بھی رجسٹریشن حاصل کرلی اور آخری مرحلہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے رجسٹریشن حاصل کرنا ہے،پی ٹی اے کی جانب سے لائسنس کے اجرا کے بعد کمپنی اپنی سروسز کا آغاز کرسکے گی، پی ٹی اے سٹار لنک کی جمع کرائی گئی دستاویزات کا جائزہ لے رہا ہے، سٹار لنک کی سروسز موجودہ نیٹ ورک میں کسی قسم کا خلل پیدا نہیں کریں گی۔

ادھر وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا سکیورٹی و ریگولیٹری اداروں کی مشاورت سے سٹارلنک کو عارضی این او سی جاری کیا گیا، سائبر کرائم ایجنسی، سکیورٹی ایجنسیز، پی ٹی اے اور سپیس اتھارٹی نے کلیدی کردار ادا کیا، پاکستان میں سٹارلنک کی آمد سے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

شزا فاطمہ نے کہا وزیراعظم کی ہدایت پر سٹارلنک کی رجسٹریشن یقینی بنائی گئی،پی ٹی اے سٹارلنک کی فیس ادائیگی و دیگر لائسنسنگ ضروریات کو مکمل کرے گا، سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی منظوری پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کےلئے اہم سنگ میل ہے۔