حکومت زرعی شعبے کی ترقی، پیداوار بڑھانے کیلئے تمام سہولیات مہیا کریگی: شہباز

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،حکومت ملک میں زرعی شعبے کی ترقی اور زرعی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے تمام سہولیات مہیا کرےگی، غیر معیاری زرعی بیج کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کےخلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کیساتھ پی اے آر سی میں تحقیقاتی کام کو جلد فعال کیا جائے،وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا،وزیراعظم نے کہا زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،حکومت ملک میں زرعی شعبے کی ترقی اور زرعی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے تمام سہولیات مہیا کرے گی ، زرعی شعبے کی ترقی کےلئے ملک بھر سے نوجوان زرعی محققین کی خدمات حاصل کی جائیں، وزیراعظم نے پاکستان میں خوردنی تیل کی پیداوار کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے، شہباز شریف نے کہا صوبائی حکومتوں، نجی شعبے اور دیگر سٹیک ہولڈرز کےساتھ مل کر پورے ملک میں فارم میکانائزیشن کو فروغ دیا جائے ،پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار کے حوالے سے ویلیو ایڈیشن کےلئے نوجوانوں کی تربیت اور آسان زرعی قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں،وزیراعظم نے پاسکو کو ختم کرنے کے حوالے سے تمام تر ضروری امور جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کی،شہباز شریف نے زرعی اجناس کی برآمدات کے حوالے سے کھیت سے لے کر پورٹ تک پوری سپلائی چین کو ڈیجیٹائز کرنے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنے پر اظہار اطمینان کیا ۔اجلاس کو زرعی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی ، اجلاس کو بتایاگیانیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا قیام حتمی مراحل میں ہے،زرعی اجناس کی ٹیسٹنگ کے حوالے سے یورپی یونین اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ لیبارٹری یونیورسٹی آف کراچی کے ایچ ای جے سینٹر میں قائم کی جا چکی ہے،قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے معروف امریکی ملٹی نیشنل آئی ٹی کمپنی Afiniti کے سی ای او جیرومی کیپیلس (Jerome Kapelus) کی سربراہی میں 4 رکنی وفدنے ملاقات کی جس میں انہوں نے Afiniti کے پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کیا، پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی باصلاحیت افرادی قوت میں عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنیاد پر کام کرنے کی استعداد موجود ہے، وزیراعظم نے Afiniti پاکستان کو قومی اور بین الاقوامی صارفین کےلئے پاکستان میں عالمی معیار کا کال سینٹر قائم کرنے کی تجویز دی،شہباز شریف نے کہا ملک کے باصلاحیت نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی اور دیگر جدید تکنیکی صلاحیتوں سے لیس کرنے کے پروگرام کی خود نگرانی کر رہا ہوں، آئی ٹی شعبے میں 25 ارب ڈالر کی برآمدات کے ہدف کے حصول کےلئے آئی ٹی کمپنیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،وفد نے پاکستانی آئی ٹی شعبے سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد کی قابلیت اور شعبے کی ترقی کےلئے محنت کی تعریف کی، جیریمی کیپیلس نے کہا پاکستان کا آئی ٹی شعبہ سرمایہ کاری اور کاروبار کےلئے انتہائی موزوں ہے، اس وقت Afiniti پاکستان میں 1000 سے زیادہ انتہائی باصلاحیت اور قابل پاکستانی ماہرین کام کر رہے ہیں، پاکستانی نوجوانوں میں آئی ٹی شعبے کی ترقی کےلئے کام کرنے کی لا تعداد استعداد موجود ہے، جیریمی کیپیلس نے کہا پاکستان کی پیشہ ور اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی بدولت ہی Affinity خطے کی کامیاب کمپنی ہے،ملاقات میں وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ سرکاری افسران شریک تھے۔