کوئٹہ: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے جعفر ایکسپریس جیسے حملوں سے بچنے کےلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے جب تک بلوچستان ،خیبرپختونخوا میں دہشتگردی مکمل طور پر ختم نہیں ہوگی ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا،سانحہ جعفر ایکسپریس پر پوری قوم اشکبار ہے، حملہ کرنےوالوں نے رمضان کے تقدس کا بھی خیال نہیں رکھا،33دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز خراج تحسین کی مستحق ہیں،فوجی جوان و افسر خیبرپختونخوا ،بلوچستان میں دن رات قربانیاں دے رہے ہیں ،اپنے بچوں کو یتیم کرکے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچا رہے ہیں،وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں قومی یکجہتی و اتحاد کا ہے ملک کو خوارج ، دہشتگردی سے بچانے کیلئے یک جان ہونا ہو گا،طالبان سے دل کا رشتہ بتانے والوں نے ہزاروں دہشتگردوں کو چھوڑا،چاروں صوبائی حکومتوں اور وفاق کو دہشتگردی کیخلاف اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔
کوئٹہ میں امن وامان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاگھس بیٹھیئے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اپنی اپنی سیاست کرتے رہیں گے لیکن دہشتگردی کےخلاف اکٹھا ہونا ہوگا،دہشتگردوں نے ویرانے میں بے یارو مددگار نہتے مسافروں کو یرغمال بنایا ، آرمی چیف کی قیادت میں سکیورٹی فورسز نے کامیابی سے 339 مسافروں کوبچایا،33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، سپہ سالار کو کہا ہے جتنے وسائل سکیورٹی فورسز کو چاہئیں مہیا کریں گے،کسی صوبے سے بھی مطالبہ نہیں کریں گے۔
وزیراعظم نے ایس ایس جی کی ضرار کمپنی کا عوام ، حکومت کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ضرار کمپنی دہشتگردوں سے نمٹنے کےلئے بنائی گئی، پاکستان اب کسی دوسرے حادثے کا متحمل نہیں ہوسکتا، سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، بلوچستان کی ترقی جب تک دوسرے صوبوں کی طرح نہیں ہوگی تب تک پاکستان کی ترقی نہیں ہوگی، جب تک کے پی ،بلوچستان میں دہشت گردی ختم نہیں ہوگی، ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
شہبازشریف نے کہاسوال ہے جب ملک میں دہشتگردی کا سرکچلا جا چکا تھا تو پھر دہشت گردوں نے دوبارہ سرکیوں اٹھایا ؟،80ہزار پاکستانیوں کی قربانی کا نذرانہ پیش کرنا پڑا ، 30ارب ڈالر کی معیشت کو تباہ کن نقصان پہنچا، بدقسمتی سے واقعہ پر جس طرح سے ایک طبقے نے گفتگو کی اسے زبان پر بھی نہیں لایا جاسکتا، ملک دشمنوں کے بیانیے کو مشرقی ہمسائے ملک نے چلایا اس پر افسوس ہوتا ہے،ماضی میں ایسے طالبان کو بھی رہا کیا گیا جن کے کردار سیاہ تھے، ملک ،پاک فوج کےخلاف زہر اگلا جا رہا ہے، ملک کےلئے جان دینے والوں کےخلا ف ہرزہ سرائی کی اجازت نہیں دیں گے،اپنی ہی فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے تو اندازہ کریں ملک کا کیا حال ہوگا؟۔
وزیراعظم نے کہاافسروں،جوانوں کی قربانیوں کا احترام نہیں کریں گے تو دنیا و آخرت میں جوابدہ ہوں گے،گھس بیٹھیئے، دوست نما دشمن ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، دہشتگردوں کا صفایا نہیں کیا تو ملک کی ترقی کے سفر کو بریک لگ جائے گی،امن وامان کی صورتحال پر اے سی بلائیں گے،بلوچستان کے مسائل پر بات کی جائےگی،دہشتگردوں کا ٹولہ ہر وہ حربہ اختیار کرے گا جس سے عوام میں تقسیم پیدا ہو، سب سے زیادہ ضرورت قومی یکجہتی کی ہے،اپنی اپنی سیاست کرتے رہیں گے لیکن دہشتگردی کےخلاف اکٹھا ہونا ہوگا، مشاورت ، پوری تیاری کےساتھ میٹنگ بلاو¿ں گا۔
شہبازشریف نے کہاپاکستان کےساتھ الحاق کا فیصلہ آپ نے خود کیا تھا، بلوچستان کا پاکستان کےساتھ الحاق تا قیامت قائم رہے گا، بلوچستان کسی پوائنٹ سکورنگ کےلئے نہیں آیا،ہوش کے ناخن لیکرماضی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا،سیاسی قیادت بیٹھے اور ملک کو درپیش چیلنجز پر بات کرے، آرمڈ فورس کی لیڈرشپ کو بھی بٹھائیں گے، اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا ملک کو ایک سال میں معاشی میدان میں بہتری کی طرف لے کر آئے، ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے معاشی کامیابیوں پر حیران ہیں،قوم کو دوست نما دشمنوں کو پہچاننا ہو گاحالات جیسے بھی ہوں ملکر کام کرنا ہے،این ایف سی ایوارڈکا کریڈٹ آصف زرداری ،نواز شریف سمیت تمام قیادت کو جاتا ہے،دہشتگردی سے نمٹنے کےلئے خیبرپختونخوا کو 600 ارب دیئے گئے دیکھنا ہوگا خطیر رقم کہاں خرچ ہوئی؟،خیبر پختونخوا میں انسداد دہشت گردی کیلئے ایک بھی محکمہ قائم نہیں کیا گیا،دہشت گردی کو ختم نہ کیاگیا تو ترقی کا عمل رک جائےگا۔
شہبازشریف نے کہادہشت گردی کے ناسور کو ختم نہ کیا تو پاکستان کے وجود کو خطرہ ہو سکتا ہے، امن کیلئے تمام فریقین کو کردارادا کرنا ہوگا،ملکی ترقی کےلئے امن و امان کا قیام ناگزیر ہے، امن کےلئے سکیورٹی فورسز کو تمام وسائل مہیا کریں گے،300بچوں کو زرعی شعبے میں ٹریننگ کیلئے چین بھیج رہے ہیںبلوچستان کے طلبہ کےلئے جلد لیپ ٹاپ سکیم لائیں گے۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا بلوچستان کی روایات میں نہتے مسافروں، خواتین، بچوں اور مزدوروں پر حملہ ناقابل قبول ہے، دہشتگرد بندوق کے زور پر امن و امان کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں مگر وہ صوبے میں کسی بھی جگہ 3 سے 4گھنٹے سے زائد وقت تک ایک انچ زمین پر قابض نہیں رہ سکتے ،سکیورٹی فورسز اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری کارروائی کرتی ہیں ،امن و ترقی کا عمل ساتھ ساتھ چلنا ضروری ہے ،تسلسل کو برقرار رکھنا ہی صوبے کی کامیابی کی ضمانت ہے ۔
گھس بیٹھیئے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں،دہشتگردی ختم نہ ہوئی تو ترقی کا سفر رک جائے گا،وزیراعظم

















