آپریشن کلین اپ،جعفر ایکسپریس کے یرغمالی مسافر بازیاب، 33دہشتگرد جہنم واصل،21شہری،4جوان شہید

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)آپریشن کلین اپ،جعفر ایکسپریس کے یرغمالی مسافر بازیاب،21شہری،4جوان شہید،تمام 33دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جعفر ایکسپریس کے یرغمالی مسافر بازیاب ہوگئے ،تمام 33 دہشتگردوں کو ہلا ک کردیا ،بولان میں 11 مارچ کو دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کو نشانہ بناکرجعفر ایکسپریس کو روکا ،ریلوے حکام کے مطابق ٹرین میں 440 افراد سوار تھے،دہشتگردوں نے یرغمالیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا،خواتین،بچے بھی شامل تھے، دہشتگرد دوران آپریشن افغانستان میں اپنے سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈ سے سٹیلائٹ فون کے ذریعے رابطے میںر ہے،بیرونی آقاوں کی ایما ، سہولت کاری کے ذریعے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا،بازیابی آپریشن میں آرمی، ائیرفورس، فرنٹیر کور ،ایس ایس جی کے جوانوں نے حصہ لیا اور مرحلہ وار یرغمالیوں کو رہا کرایا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہادہشتگردوں نے مسافروں کو ٹولیوں میں بٹھاکردرمیان میں خودکش بمبار بٹھائے تھے،سب سے پہلے فورسز کے نشانہ بازوں نے خودکش بمباروں کو ہلاک کیا پھر مرحلہ وار بوگی کلیئرنس کی گئی اور تمام 33 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا،آپریشن احتیاط ، مہارت سے کیا گیا،کلیئرنس آپریشن کے دوران کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا لیکن آپریشن سے قبل دہشتگردوں کی بربریت میں 21 مسافر شہید ہوگئے،ایف سی کے 4 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا،3جوانوں کو قریبی پکٹ پر دہشتگردوں نے کلیئرنس آپریشن سے پہلے شہید کیا ایک جوان نے آپریشن کے دوران شہادت پائی۔

ترجمان پاک فوج نے کہاکسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی شہریوں کو سڑکوں یا ٹرینوں پر نشانہ بنائیں، جعفر ایکسپریس واقعہ نے گیم کے رولز تبدیل کردئیے، دہشتگردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیںجیسے ہی واقعہ ہوا چند منٹوں میں بھارتی میڈیا پر گمراہ کن رپورٹنگ شروع ہوئی، پرانی تصاویر، ویڈیوز اور اے آئی ویڈیوز نشر کی گئیں،دہشتگردوں ،آقاوں کا گٹھ جوڑ دنیا کے سامنے واضح ہو چکا ،دنیا نے دوبارہ نیکسز دیکھاایسے موقع پر کچھ مخصوص سیاسی عناصر ملک میں بھی بڑھ چڑھ کر سوشل میڈیا کو ایکٹو کرلیتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاافسوس ہوتا ہے کچھ عناصر اقتدار کی ہوس میں قومی مفاد کو بھی بھینٹ چڑھا رہے ہیں، عوام کو بخوبی اب انتشاری سیاست کے پیچھے ہاتھ بھی سمجھ آرہے ہیں، عوام کو گمراہ کرنے کیلئے بیانیہ بنانے والے پہلے خود تو قانون کا احاطہ کر لیں، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہابےگناہ عوام کو نشانہ بنانے والوں کاپیچھا کیا جائے گا، روزانہ کی بنیاد پر 160 انٹیلی جنس آپریشن ہو رہے ہیں، آئے روز قربانیاں ، شہادتیں مزاحمت کی علامات ہیں،دہشتگردوں کو قانون کے مطابق سخت سزائیں ملنی چاہئیں، نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائے گئے بنانیہ پر کہاں کھڑے ہیں۔