بلدیہ عظمیٰ لاہور میں تجاوزت کا مکمل کا خاتمہ مشکل ، ڈپٹی کمشنر کو گمراہ کن رپورٹس ارسال

لاہور (خبر نگار) انتظامی نااہلی کے باعث بلدیہ عظمیٰ لاہور میں تجاوزات کا مکمل خاتمہ جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگیا، موثر کارروائیوں کے بجائے الٹا گمراہ کن رپورٹس کے ذریعے ڈپٹی کمشنر کو مطمئن کرنے کی کوششیں جاری۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ماضی میں تجاوزات کی سرپرستی کا ذمہ دار زونز کو ٹھہرایا جاتا رہا ہے اب یہ کام سپیشل سکواڈ کی چھتر چھایہ میں جاری و ساری ہے۔ راوی زون کی حدود میں قائم متعدد علاقوں میں غیر قانونی بازاروں کی بھرمار ہے، تہہ بازاری عملہ راوی زون اور سپیشل سکواڈ کی زیر سرپرستی مبینہ طور پر جیا موسیٰ اور کھوکھر روڈ بادامی باغ میں پیر بازار پوری دھوم دھام سے چل رہا ہے۔ جبکہ منگل بازار شاہدرہ پنڈ مقبرہ جہانگیر کے سامنے اور بادامی باغ صدیق پورہ میں قائم ہوتا آ رہا ہے۔ بدھ بازار بادامی باغ داتا نگر اور قاضی پارک شاہدرہ میں لگ رہا ہے، غیر قانونی جمعہ بازار شاہدرہ چکیاں اور شاہدرہ پنڈ میں قائم ہوتا ہے جبکہ ہفتہ اور اتوار کے روز بھی دھڑلے سے صدیق پورہ بادامی باغ، شاہدرہ مین بازار اور بیگم کورٹ میں غیر قانونی بازار لگا کر لاکھوں روپے اکٹھے کرنے کے بعد سپیشل سکواڈ اور راوی زون عملہ نے انتظامیہ کو صرف مین روڈز پر کھڑی ریڑھیوں میں الجھا کر رکھا ہوا ہے، جبکہ انتظامیہ بھی مین روڈز اور لنک روڈ اور کھڑی صرف ریڑھیوں کو ہی تجاوزات سمجھ بیٹھی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ زونوں کا تہہ بازاری عملہ جب سے اسسٹنٹ کمشنرز کے حکم کے تابع ہے تب سے تجاوزات کے حوالے سے تھوڑا بہت کام نظر آرہا ہے لیکن سپیشل سکواڈ جو صرف ایم او آر کو جوابدہ ہے راوی زون میں مکمل رازداری سے ”کارروائی“ ڈال رہا ہے۔