حکومت کی آئی ایم ایف کو نئے پاور سرچارج کی تجویز، بوجھ صارفین کو اٹھانا ہوگا

اسلام آباد (مشرق نیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کے اختتام پر پاکستان نے اضافی ٹیکس اقدامات تجویز کرنے کے بجائے قانونی اور انتظامی ذرائع سے اضافی محصولات کی وصولی کا انتخاب کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے بجلی کی قیمتوں کے بارے میں متضاد موقف پیش کیا، جس میں بجلی پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) میں کمی اور بجلی کے بلوں پر اضافی مالی سرچارج کی منظوری دونوں کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پالیسی سطح کے باضابطہ مذاکرات پیر 10 مارچ کو شروع ہوں گے جہاں ناتھن پورٹر کی سربراہی میں آئی ایم ایف مشن باضابطہ طور پر آمدنی بڑھانے کے پہلو پر خیالات کا اظہار کریگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے عملے نے اخراجات کم کرنے کیلئے بجلی پر جنرل سیلز ٹیکس ختم کرنے یا کم کرنے کی حکام کی تجویز کی یکسر مخالفت کی ہے۔

تاہم اس کے برعکس حکومت کی جانب سے بجلی پر آئندہ 5 سال کیلئے 2 روپے 83 پیسے فی یونٹ اضافی مالیاتی سرچارج کی تجویز بھی دی گئی ہے، تاکہ بجلی کے شعبے کے گردشی قرضوں کے ایک حصے کی ادائیگی کیلئے ایک کھرب 200 ارب روپے کے قرضے کی ادائیگی کی جا سکے، آئی ایم ایف کی جانب سے اس معاہدے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بار بار وعدوں کے بجائے، حکومت دراصل حکومت اور بجلی کمپنیوں کی نااہلیوں سے پیدا ہونے والے خلا کو پورا کرنے کیلئے دیانتدار صارفین کیلئے فنانسنگ لاگت سرچارج شامل کرے گی، حکومت پہلے ہی گردشی قرضوں کی ایڈجسٹمنٹ کیلئے ماضی میں لئے گئے قرضوں پر تقریباً 1.47 روپے فی یونٹ فنانسنگ لاگت سرچارج وصول کر رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے سرمائی ٹیرف پیکیج میں توسیع کی حکومتی درخواست بھی مسترد کردی جس میں صنعتی اور کمرشل صارفین کو اضافی کھپت کیلئے سستی بجلی فراہم کی جانی تھی۔

حکومت نے آئی ایم ایف کو سولر نیٹ میٹرنگ ٹیرف 26 روپے فی یونٹ سے کم کرکے 10 روپے کرنے کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا، جس سے صارفین کو آف گرڈ سلوشنز کی جانب منتقل ہونے پر اثرات کے بارے میں خدشات پیدا ہوئے، اگرچہ حکام کو فوری چیلنج کی توقع نہیں تھی، لیکن انہوں نے آئی ایم ایف کو یقین دلایا کہ اگر صورتحال تیزی سے تبدیل ہوئی تو وہ فعال طور پر جواب دیں گے۔