پاک افغان پالیسی پر پسند نہ پسند نہیں ہونی چاہیے:ملک احمد خان

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے دہشت گردی کی جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو تسلیم کرنا انتہائی خوش آئند ہے،پاک افغان پالیسی پر پسند نہ پسند نہیں ہونی چاہیے،تحفظات ہیں تو ٹیبل پر بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا ملک میں سیاسی استحکام کےلئے ان لوگوں کو کریڈٹ دیں جو اس کےلئے کاوش کررہے ہیں،کون عدم استحکام کرتا ہے یہ بھی آپ کو پتہ ہے اور کون استحکام کی کاوش کرتا ہے یہ بھی آپ کو پتہ ہے،بدقسمتی سے ایسی بات جس سے افراتفری پھیلائی جاسکے وہ مشہوری کی طرف لے جاتی ہے،کردار مستقل وہی ہیں جو استحکام کی بات کرتے ہیں،استحکام کے ساتھ عوام کی زندگیاں ، معیشت ، امن و امان جڑا ہوتا ہے۔

سپیکر نے کہا کے پی کا بڑا قومی مسئلہ ہے ،سب کو مل بیٹھ کر بات کرنی چاہیے،کے پی کے میں امن و امان وہاں کے وزیر اعلی کی ذمہ داری ہے،زیادہ بہتر ہوگا کے پی کے وزیر اعلی سکیورٹی کے معاملات پر سکیورٹی اداروں کے ساتھ بیٹھ کر معاملات کو حل کرے۔