پھاٹا کی سابقہ 23 ہاوسنگ سکیموں کی بحالی کا حکم،5لاکھ گھر بنانے کا ہدف پورا کریںگے،مریم نواز
لاہور: ( اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے 19اضلاع میں پھاٹا کی سابقہ 23 ہاوسنگ سکیموں کی بہتری و بحالی کا حکم دےدیا۔
مریم نوازکی زیر صدارت فری پلاٹ سکیم پر خصوصی اجلاس ہوا ،3مرلہ فری پلاٹ سکیم کے امور ،قرض دینے کا جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ نے پھاٹا کو مارچ تک ہدف پورا کرنے اور ہاوسنگ سکیموں کی بحالی کےلئے فنڈز جاری کرنے کےلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔
پنجاب ہاوسنگ اینڈٹاون پلاننگ ایجنسی کے ڈی جی نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضوں کی واپسی شروع ہوچکی ،اپنی چھت، اپنا گھرپروگرام کے تحت لیے گئے قرضوں کی واپسی کا تناسب 100فیصد ہے، پنجاب میں اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت 9661 گھر زیر تکمیل ہیں۔
مریم نوازنے کہا بے گھر عوام کےلئے چھت فراہم کرنے کی بہت فکر ہے، اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت لوگوں کا گھر بنتا دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے،5سال میں 5لاکھ گھر بنانے کا ہدف پورا کرنے کےلئے پرعزم ہیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ کی ہدایت پر رمضان پیکیج پر اضافی رقم لینے والوںکےخلاف سخت ترین کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، قصور، بھکر ، گوجرانوالہ میں 3ملزموں کو گرفتار کرکے مقدمات درج اورغیرقانونی دھندے میں ملوث ایجنٹس بلیک لسٹ کر دئیے گئے،مشینیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔
مریم نوازنے کہا نادار غریبوں سے رقم وصول کرنےوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں،عوام کسی بھی شکایت پر فوری 0800-02345 پر فری کال کریں،پنجاب حکومت مستحقین کو قطار سے بچانے کےلئے نقد رقوم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے فراہم کررہی ہے۔
















