معاشی اشارئیے بہتر ہوگئے، عوام کی مشکلات کم ہورہی ہیں: صدر آصف زرداری

لاہور (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوام کی مشکلات میں کمی ہو رہی ہے اور ملک کے معاشی اشارئیے بہتری کی طرف جارہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں صدر آصف زرداری کے اعزاز میں سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کی جانب سے عشائیہ دیا گیا، اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ چین کا دورہ کامیاب رہا ہے، پیپلز پارٹی نے سی پیک کی بنیاد رکھی اور ہم اسے کامیاب بھی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان خطے کی ترقی کیلئے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں، چینی کمپنیاں پاکستان میں فیکٹریاں لگائیں گی، چین کی ہمارے خطے میں خاص دلچسپی ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے صحت اور تعلیم کی جانب خاص توجہ دی ہے، صوبے میں بہترین ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں سے عوام مستفید ہو رہے ہیں، سندھ حکومت عوام کی بھرپور خدمت کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کا دورہ کیا تھا، اس دورے میں انہوں نے اپنے ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی، جس میں علاقائی و عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا، صدر مملکت نے کہا کہ پاک، چین اقتصاری راہدری (سی پیک) سے علاقائی روابط، مشترکہ فوائد اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہوگا۔