چیف جسٹس سے ملاقات،پی ٹی آئی کے شکوے شکایتیں،عدالتی ریفارمز پر10نکاتی ایجنڈا شیئر

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے5رکنی وفد کی ملاقات،پی ٹی آئی نے شکوے شکایتوں کے انبار لگا دیئے،ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کے گھر پر ہونےوالی ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔

پی ٹی آئی رہنماوں نے شکایات کاانبار لگاتے ہوئے پابند سلاسل پارٹی سربراہ عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کا شکوہ بھی کیا۔

ملاقات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا چیف جسٹس کومسائل سے تفصیلی آگاہ کیا،بتایا عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی،ملاقات چیف جسٹس کی درخواست پر کی گئی ،عدالتی ریفارمز پر10نکاتی ایجنڈا شیئر کیا، اپنی تجاویز چیف جسٹس کو دینگے،چیف جسٹس کو کہا آپ کے حکم پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوتا، رہنماﺅں،کارکنوں پر ایف آئی آر کی بات کی گئی، پی ٹی آئی اڑھائی سال سے فسطائیت کا سامنا کر رہی ہے، عمران خان کو ڈاکٹرز کی سہولت نہیں دی جارہی، تنہائی میں رکھا جاتا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا چیف جسٹس کےساتھ آئین اور قانون کی عملداری پر تبادلہ خیال،آئین میں دیئے گئے انسانی حقوق کی پامالیوں سے آگاہ کیا گیا، اگر پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ مسائل کو نہیں دیکھتی تو پھر لوگ مایوس ہوں گے،26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل پر تشویش کا اظہار کیا، وفد نے انسانی حقوق کی بدترین صورتحال سے چیف جسٹس کو آگاہ کیا،ملک میں عملاً آئین و قانون نہیں، نظام عدل کو آلہ کار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا سلمان اکرم راجہ نے ملٹری کورٹس ،لاپتہ افراد کے معاملے پرتفصیلی بریفنگ دی ،چیف جسٹس کےساتھ معیشت ،9 مئی اور 26 نومبر کے معاملے پربانی پی ٹی آئی کے خطوط پر بھی بات ہوئی، واضح کردیا 26ویں آئینی ترمیم کو نہیں مانتے،اپنے وکلا کو ملنے والی دھمکیوں سے آگاہ کیا اور ججز خط ،خفیہ اداروں کے منفی کردار کا نکتہ سامنے رکھا،عمر ایوب نے کہاپارٹی کے متعدد رہنماوں کو جھوٹے کیسز میں پھنسایا گیا، چیف جسٹس سے ملاقات میں اپنا مو¿قف رکھا، بیروزگاری ،مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا چیف جسٹس کو بتایا اپنا گھر بھی ٹھیک کریں جب اپنا گھر ٹھیک ہوگا تو لوگوں کو انصاف ملے گا، کورٹ پیکنگ نہ کریں، ہائی کورٹ کے لکھے گئے 5ججز کے خطوط پر نظرثانی کریں،چیف جسٹس کو بتایا ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے،بابراعوان نے کہاملاقات 3 حصوں پر مشتمل رہی، سب سے پہلا نکتہ لوگوں کو ماورائے قانون اٹھانے کا تھا، چیف جسٹس کو بتایا گیا چادر و چار دیواری کی حفاظت نہیں ہورہی، عمران خان کے غیر شفاف ٹرائل کا نکتہ سامنے رکھا، 7 وزرائے اعظموں کا کھلا ٹرائل ہوا، لیکن بانی پی ٹی آئی کو شفاف ٹرائل نہیں مل رہا۔

بعد ازاں سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا پی ٹی آئی قیادت نے چیف جسٹس سے رہائش گاہ پر ملاقات کی،چیف جسٹس نے پی ٹی آئی وفد کا خیر مقدم کیا اور نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے مجوزہ اجلاس سے آگاہ کیا،وسیع پیمانے پر سٹیک ہولڈرز سے مشاورتی اقدامات کے تحت چیف جسٹس نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن قیادت کو مدعو کیا،چیف جسٹس نے وفد کو بتایا وزیراعظم شہباز شریف سے بھی تجاویز طلب کرلیں،وزیر اعظم نے عدالتی اصلاحاتی ایجنڈے پر بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

چیف جسٹس نے وفد کو مزید بتایا قانون و انصاف کمیشن کو ملک بھر کی بار کونسلز، عوام کی آرا اور ضلعی عدلیہ کا فیڈ بیک موصول ہو چکا ،ہائی کورٹس کے رجسٹرارز اور صوبائی جوڈیشل اکیڈمیز کی رائے بھی جلد متوقع ہے،وزیر اعظم ٹیکس مقدمات کے التوا پر تشویش رکھتے ہیں، چیف جسٹس نے یقین دہانی کرائی ٹیکس مقدمات جلد نمٹانے اور سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی مجموعی تعداد میں کمی ترجیح ہے،جسٹس یحییٰ آفریدی نے تجویز دی عدالتی اصلاحات کو کم از کم مشترکہ قومی ایجنڈا بنانے کیلئے دو طرفہ حمایت ہونی چاہیے، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان و دیگر قائدین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق عمر ایوب نے بتایا اپوزیشن لیڈروں کے کیسز ایک ہی وقت میں 2 مختلف جگہوں پر سماعت کےلئے مقرر کر دئیے جاتے ہیں،پارٹی قیادت کے وکلاءکو ہراساں کیا جارہاہے، جیل حکام عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کرتے،عمر ایوب نے بتایا پی ٹی آئی وکلاءکےخلاف دہشتگردی کے مقدمات درج کر لیے جاتے ہیں،معاشی استحکام صرف رول آف لاءکے ذریعے لایا جا سکتا ہے۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا وفد کے دیگر اراکین نے بھی ملک میں لاءاینڈ آرڈر کی گرتی صورتحال سے آگاہ کیا، اپوزیشن وفد کی جانب سے اعتراف کیا گیا عدالتی اصلاحات ناگزیر ہیں،علی ظفر نے لاءاینڈ جسٹس کمیشن کی جانب سے دیئے گئے پروپوزل پر جواب کےلئے وقت مانگا،پی ٹی آئی وفد نے تسلیم کیاعوام کو ریلیف فراہم کرنا اسی وقت ممکن ہے جب ضلعی عدلیہ زیر التوا مقدمات کو موثر طریقے سے نمٹائے۔