حکومت نے 7 ماہ میں4 ارب ڈالرز سے زائد قرض لے لیا

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)حکومت نے 7 ماہ میں4 ارب 58 کروڑ ڈالرز قرض لے لیا، وزارت اقتصادی امور نے تفصیلات جاری کر دیں۔

رپورٹ کے مطابق جولائی 2024 تا جنوری 2025 تک پاکستان نے مجموعی طور پر 4 ارب 58 کروڑ ڈالرز قرض لیا، مختلف مالیاتی اداروں سے 2 ارب 32 کروڑ 22 لاکھ ڈالرز موصول ہوئے، نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کی مد میں ایک ارب 12 کروڑ 68 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی،بجٹ میں رواں مالی سال کے دوران 19 ارب 39 کروڑ ڈالرز قرض ملنے کا تخمینہ ہے۔

وزارت اقتصادی امور نے کہا 7 ماہ میں گزشتہ سال کی نسبت تقریباً 30 فیصد کم قرض لیا گیا،جولائی سے جنوری تک اے ڈی بی سے ایک ارب 4 کروڑ 86 لاکھ ڈالرز قرض ملا،عالمی بینک نے جولائی سے جنوری کے دوران 57 کروڑ 38 لاکھ ڈالرز کا قرض دیا، چین سے 9 کروڑ 91 لاکھ ڈالرز ، فرانس سے 10 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز کی فنانسنگ ہوئی،کثیر الجہتی اداروں سے مجموعی طور پر 2 ارب 32 کروڑ ڈالرز موصول ہوئے ،اسلامک ڈویلپمنٹ بینک سے مجموعی طور پر 40 کروڑ ڈالرز قرض ملا۔