کتب انسانی زندگی کا اہم حصہ ہیں: کمشنر ساہیوال ڈویژن

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ کتب انسانی زندگی کا اہم حصہ ہیں جو شعور فراہم کرنے اور معاشرے کی ترقی کا لازمی جز ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کتب بینی کی عادت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے مطالعے کو وسیع کریں تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بن سکیں۔ وہ یہاں یونیورسٹی آف ساہیوال میں جشن بہاراں کے سلسلے میں کتابوں کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں ممبر صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر، رجسٹرار سید غلام اصغرشاہ، کنٹرولر امتحانات مبشر سعید، میڈیا کوارڈنینٹر ڈاکٹر محمد ایوب، فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر حافظ طارق مسعود، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی ڈاکٹر امین عابد، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ آفیئرز ڈاکٹر وسیم طفیل، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق سمیت طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کتاب میلے کے انعقاد پر یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ طلبہ و طالبات کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں اور انہیں معاشرے کا بہترین انسان بنانے میں مدد دیں۔ انہوں نے کہا کہ کتاب سے اچھا انسان کا کوئی دوست نہیں جو انہیں زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھاتی ہے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کی طرف سے پینٹنگز اور کیلی گرافی کے کام کو بھی سراہا اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم نے کہا کہ حکومت طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لئے دوررس اقدامات اٹھارہی ہے جس میں لیب ٹاپ فراہم کرنا اور وظائف دینا شامل ہے تاکہ انہیں اپنی تعلیمی سفر میں کوئی دشواری نہ آئے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے کہا کہ پورا ہفتہ جاری رہنے والے جشن بہاراں کے انعقاد کا مقصد طلبہ و طالبات کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے تاکہ ان کی متوازن شخصیت سازی ہو سکے۔ یونیورسٹی کی طرف سے لگائے گئے کتب میلے میں طلبہ و طالبات نے گہری دلچسپی لی اور مختلف موضوعات پر چھپنے والی کتب بھی خریدیں۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا پتوکی میں 2افراد کی مین ہول میں گر کر اموات پر ڈویژن بھر میں تمام مین ہولز کی دوبارہ چیکنگ کی ہدایت، تمام چیف آفیسرز خصوصی سکواڈ تشکیل دیں جو مین ہولز کی مسلسل نگرانی کریں، مین ہولز کی چوری روکنے کے لئے زیروٹالرینس کی پالیسی اختیار کریں، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں سی ای او ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار احمد، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر پی ایچ اے نیاز احمد مغل، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اے سی جنرل رائے فیصل عمران سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے کسی واقعہ کے ذمہ دار میونسپل افسران کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان کی حفاظت پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے پاکپتن بازار کو ماڈل بازار بنانے کے لئے فوری کام شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام یوٹیلٹی سروسز کی شفٹنگ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت شہر میں جاری سیوریج لائن ڈالنے کے بعد بیک فلنگ کو ساتھ ساتھ کیا جائے تاکہ رات کے اوقات میں شہریوں کو تکالیف سے بچایا جا سکے۔