جس طرح ملک چلا رہے ہیں ایسے تو پرچون کی دکان نہیں چلتی: مصدق ملک

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہاہے دقیانوسی ،نوکر شاہی کے طریقوں سے باہر نکلنا ہو گاجس طرح ملک چلا رہے ہیں ایسے تو پرچون کی دکان نہیں چلتی۔

سالانہ تکنیکی کانفرنس اورآئل شو سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاحکومتی پالیسیوں میں لبرل آئزیشن کی ضرورت ہے،کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں ، معاملات کو نجی شعبے کے حوالے کرنا ہوگا، پی آئی اے کی نجکاری میں ناکامی ہوئی ایک بار پھر پی آئی اے کی نجکاری شروع کررہے ہیں،ملکی وسائل پر انحصار بڑھانا ہے، دقیانوسی اور نوکر شاہی کے طریقوں سے باہر نکلنا ہو گا۔

وزیر پٹرولیم نے کہاحکومت تمام آبادی کی توانائی تک رسائی کیلئے کام کر رہی ہے،قیمتیں عوام تک پہنچانے اور توانائی کی پائیداری کےلئے بھی کام ہورہا ہے ایسی توانائی کا کیا کریں گے جسے عوام خرید نہ سکیں،ایک آدھ مشین لانے سے خوشحالی نہیں آئے گی، پائیدار ترقی کےلئے خود سائنس و تحقیق کا کام کرنا ہوگا،اعتماد پیدا کریں ایک قوم ہیں، ترقی کرنی ہے تو اوئے توئے کے ماحول سے نکلنا پڑے گا اگر گلیشرز تیزی سے پگھلنا شروع ہو گئے تو نہری نظام تباہ ہو جائے گا۔