وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا فوکس شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی پر ہے :کمشنر ساہیوال
ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت پرائیویٹ کنٹریکٹرز سے صفائی پلان طلب کرلیا، شہروں اور دیہاتوں کی صفائی، افرادی قوت اور مشینری کے حوالے سے بھی پلان واضح کیا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا فوکس شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی پر ہے اس لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جائیں، کمشنر کی ہدایت۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سی ای او ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار احمد،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی،اے سی جنرل رائے فیصل عمران سمیت کمپنی کے عہدیداران اور کنٹریکٹرزنے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہرکی صفائی کی سرگرمیوں کو دینی اور اخلاقی فریضہ سمجھ کر سرانجام دیاجائے۔انہوں نے کہا کہ صفائی کے حوالے سے انتظامیہ کا بھرپور تعاون کمپنی کے ساتھ ہے اور اس سلسلہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر شہر اور اس کے باسیوں کی بہتری کیلئے کام کرنا ہے۔دوسری طرف ساہیوال ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف مہم بھرپور انداز میں جاری، ڈویژن کے 229 بازاروں میں سے 216 سے تجاوزات ہٹا دی گئیں جن میں ضلع ساہیوال کے61، ضلع اوکاڑہ کے101اور ضلع پاکپتن کے54بازار شامل ہیں، اب تک 7252 شٹرز اور 5197 تعمیرات ہٹائی گئی اور 322دوکانوں کو سیل کیا گیا ہے،کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا جاری مہم پر اطمینان کا اظہار، فروری کے آخر تک تمام ڈویژن کو تجاوزات سے کلیئر کیا جائے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں انتظامی افسران کے خصوصی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، سی ای او ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار احمد،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اسسٹنٹ کمشنرز رانا اورنگزیب، احسن وحید گوندل، رائے فیصل عمران موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید اورپاکپتن کے افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ چھوٹے قصبات اور دیہات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔انہوں نے عوام میں احساس ذمہ داری سے از خود تجاوزات گرانے پر خوشی کا اظہارکیا اور کہا کہ تجاوزات گرانے پر عوام کا فیڈ بیک انتہائی مثبت ہے۔انہوں نے بتایا کہ تجاوزات گرا کر 495 کنال قیمتی جگہ واگزار کرائی گئی جس کی مارکیٹ ویلیو 13 ارب روپے سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر بازار اور پاک پتن بازار کو ماڈل بازار بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن میں 49 ریڑھی بازار بھی بنائے گئے ہیں تاکہ متبادل روزگار مہیا کیا جا سکے۔کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ڈویژن کے تینوں اضلاع میں ماڈل بازار بھی لگائے جائیں گے جہاں 16قسم کی اشیاءصرف سستے داموں فروخت کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ روزمرہ اشیاءصرف کی قیمتوں میں اتار چڑھا¶ پر گہری نظر رکھی جائے تاکہ مقدس مہینے میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈویژن بھر کی294یونین کونسلز میں سے250کو زیرو ویسٹ بنایا گیا ہے جس میں ضلع ساہیوال کی67، اوکاڑہ کی135اور پاکپتن کی48شامل ہیں۔
















