راولپنڈی :(بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فسادی ٹولہ فتنہ الخوارج اسلام سے نابلد اور قطعی طور پر خارجی، کس شریعت، دین کی بات کرتے ہیں؟ اسلام کے دئیے حقوق خواتین سے کوئی نہیں چھین سکتا، پاکستانیت سب سے اہم، کامریڈز کی طرح لڑتے ہیں جب تک قوم بالخصوص نوجوان ساتھ کھڑے ہیں پاک فوج کبھی نہیں ہارے گی، کبھی بھی فتنہ الخوارج کو فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک بھر کی جامعات سے آئے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،3 منٹ 10 سیکنڈ کا کلپ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیا گیا۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ نوجوانوں سے بات کرکے حقیقت کی تجدید ہوتی ہے کہ مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ عوام بالخصوص نوجوانوں کا پاک فوج سے انتہائی مضبوط رشتہ ہے،خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہی اور رہے گی، کامریڈز کی طرح لڑتے ہیں، فوج کا یہی تو مزہ ہے کوئی سندھی، بلوچی، پنجابی پٹھان نہیں بلکہ سب پاکستانی ہیں،بس ساتھیوں کی طرح لڑتے ہیں، صرف پاکستانیت ہی اہم ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے فسادیوں سے لڑ رہے ہیں، خارجی عناصر اسلام کی غلط تشریح، اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں،فسادی پہلے خود کو سرنڈر کردیںپھرریاست سے رحم کی توقع کرسکتے ہیں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام دہشت گردوں کیخلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو خصوصی حقوق دئیے، اسلام نے ہر حیثیت میں عورت کو حقوق دئیے، خارجیوں کو کس نے اختیار دیا کہ خواتین سے حقوق چھین لیں؟ اسلام کے دئیے ہوئے حقوق کو کوئی نہیں چھین سکتا، گمراہ گروہ کو ملک پر اپنے نظریات مسلط نہیں کرنے دیں گے۔
پاکستانیت اہم، کامریڈز کی طرح لڑتے، قوم، نوجوان ساتھ، فوج کبھی نہیں ہارے گی: آرمی چیف
















