اللہ کرے پھر ٹیک آف کر سکیں: صدر مسلم لیگ(ن)، نواز شریف پاکستان کی ترقی کا نام ہے: مریم نواز

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صدر مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے آنے سے ملک میں ترقی آتی ہے، اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کر سکیں،سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، دوران ملاقات عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہوئی،نواز شریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کہا 1990 کا سفر جاری رہتا تو پاکستان ترقی میں کہیں آگے کھڑا ہوتا، مہنگائی میں کمی سے عوام کو سکھ کا کچھ سانس آیا ہے، پالیسی ریٹ 22 سے کم ہو کر 12 فیصد پر آنا معاشی بہتری کی علامت ہے، اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کر سکیں، شہباز شریف بہت محنت کر رہے ہیں، لاہور اور پنجاب میں بہت عرصے بعد عوام میں خوشی اور اطمینان نظر آ رہا ہے، اللہ تعالیٰ نے تیزی سے گڑھے میں گرتے ملک اور قوم کو بچا لیا، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے محنت سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھنا ہے، اللہ تعالیٰ نے برکت ڈالی ہے اور بھی ڈالے گا،سابق وزیراعظم نے کہا زندگی میں بہت اتار چڑھاو¿ دیکھے ہیں، ن لیگ آتی ہے تو ملک میں ترقی آتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاکستان کی ترقی اور عوام کی خدمت کی نئی روشن مثال قائم کی ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا نواز شریف اور شہباز شریف کا نام آئے تو عوام کی خدمت کی مثال بننا ہی پڑتا ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل سے نواز شریف پاکستان کی ترقی کا نام ہے اور ہم سب ان کے سپاہی ہیں،ارکان اسمبلی نے کہا ہمیشہ ن لیگ کے دور میں ملک کو ترقی، روشنی، خوشیاں اور رنگ ملتے ہیں، نظام کی اصلاح جو مریم نواز نے کی مثال نہیں ملتی، ای ٹینڈرنگ کا شفاف نظام شروع کیا گیا، میرٹ پر یکساں اور معیاری ترقی کا سفر آگے بڑھ رہا ہے، واہگہ ٹورازم کوریڈور کی تعمیر بے مثال ہے،ملاقات میں پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثنائ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور دیگر بھی موجود تھے۔