تجارتی ٹیرف بڑاچیلنج، طاقتور بحریہ سمندری تجارت کے تحفظ کی ضامن ہے،خواجہ آصف

کراچی:(بیورورپورٹ)امن مشق 2025 کے ضمن میں پہلی بار منعقد ہونےوالے 2روزہ امن ڈائیلاگ کا افتتاحی سیشن پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں ہوا،پاک بحریہ کے زیر اہتمام ڈائیلاگ میں دنیا بھر سے بحری افواج کے سربراہوں، میری ٹائم تنظیموں کے نمائندگان اور معروف ماہرین نے شرکت کی، افتتاحی سیشن میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاطاقتور بحریہ سمندری تجارت کے تحفظ کی ضامن ہے،دنیابڑی معاشی تبدیلیوں سے گزررہی ہے، تجارتی ٹیرف بڑاچیلنج بن کر سامنے آیا،سمندری تجارت کے تحفظ کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا فرض ہے،عالمی معاشی نظام میری ٹائم پر انحصار کرتا ، بحرہند عالمی تیل و گیس کے 50فیصد ذخائر رکھتا ہے، بحری تجارت کا معیشت میں بنیادی کردار ہے، بحری شعبے میں درپیش غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔

وزیر دفاع نے کہاپاک بحریہ علاقائی امن وسلامتی کےلئے اہم کردارادا کررہی ہے، مصنوعی ذہانت وٹیکنالوجی کے انقلاب نے عالمی منظر نامہ بدل دیا ،سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا امن ڈائیلاگ کے شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، امن ڈائیلاگ کا مقصد میری ٹائم سکیورٹی کو لاحق خطرات سے آگاہی ،بلیو اکانومی کو فروغ دیناہے، امن ڈائیلاگ مشرق ومغرب کے درمیان پل کا کردارادا کررہا ہے۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا پاکستان نے پچھلے ماہ سی ٹی ایف کا 13ویں مرتبہ چارج سنبھالا، دنیا بھر میں 90 فیصد تجارت سمندری گزرگاہوں کے ذریعے ہوتی ہے،پاکستان سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہونے کے ناطے ملکوں کے درمیان روابط کا کردارادا کررہا ہے، پاکستان نیوی شریک ملکوں کے درمیان تجارت وروابط کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔

دریں اثنا امن ڈائیلاگ کے موقع پرنیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے شریک بحری افواج اور کوسٹ گارڈز کے سربراہوں سے انفرادی ملاقاتیں بھی کیں،بحری مسائل، باہمی دلچسپی کے امور اور بحری تعاون کو مزید فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔