گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں پر 10 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے :لاہور ہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں پر 10ہزار روپے اور جس پٹرول پمپ پر واٹر ریسائیکل پلانٹ نہ ہو اسے سیل اور دوبارہ خلاف ورزی پر ایک لاکھ جرمانے کا حکم دیدیا، عدالت نے میچز کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مناسب ٹریفک پلان نہ ہونے پر سی ٹی او لاہور کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر درخواستوں پر سموگ کے تدارک سے متعلق سماعت کی، دوران سماعت مختلف محکموں نے رپورٹ پیش کی۔ممبر جوڈیشل کمیشن حنا جیلانی نے زیر زمین پانی کی سطح میں کمی پر عدالت میں رپورٹ پیش کی۔عدالت نے پانی کے تحفظ کیلئے باقاعدہ قواعد بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر گھروں میں گاڑیاں دھونے کا عمل روکا جائے تو بڑی مقدار میں پانی بچایا جا سکتا ہے۔ جو گھروں میں گاڑیاں دھوئے اسے 10ہزار جرمانہ کریں اور جس پٹرول پمپ پر واٹر ریسائیکل پلانٹ نہ ہو اسے سیل کریں اور دوبارہ خلاف ورزی پر ایک لاکھ جرمانہ کریں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آج کل کے دور میں ہزار دو ہزار کیا کہتا ہے، جرمانے بڑھائیں سب سیدھے ہو جائیں گے۔دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے میچز کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے مناسب ٹریفک پلان نہ ہونے پر سی ٹی او لاہور کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کے حوالے سے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت مختلف محکموں نے رپورٹ پیش کی۔ممبر جوڈیشل کمیشن حنا حفیظ نے بتایا کہ پانی کو محفوظ کرنے کے حوالے سے چیف سیکرٹری سے میٹنگ ہوئی جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ واٹر اتھارٹی بنانے کی تجویز دی تھی اسکا کیا بنا؟ پانی کا مسئلہ صرف لاہور نہیں بلکہ پورے پنجاب کا ہے اچھی بات ہے کہ حکومت نے پورے پنجاب کو فوکس کیا ہوا ہے۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ گھروں میں گاڑیاں دھونا بند ہو جائیں تو آدھا پانی بچایا جاسکتا ہے، جو گھروں میں گاڑیاں دھوئے اسے 10ہزار جرمانہ کریں اور جس پٹرول پمپ پر واٹر ریسائیکل پلانٹ نہ ہو اسے سیل کریں اور دوبارہ خلاف ورزی پر ایک لاکھ جرمانہ کریں۔