کراچی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مہنگائی میں کمی،پاکستانی معیشت مستحکم،کرنٹ اکاونٹ سرپلس میں تبدیل ،عالمی ریٹنگ ایجنسی (فچ)نے مہر ثبت کردی ۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے معاشی استحکام کی بحالی، افراط زر میں نمایاں کمی اور زرمبادلہ ذخائر میں بہتری کیلئے پیشرفت دکھائی،پالیسی ریٹ12فیصد تک کم کرنااور مہنگائی کی شرح2فیصد تک آنا مثبت پہلوﺅں میں شامل ہے،مضبوط ترسیلات زر، زرعی برآمدات میں اضافے، سخت مالیاتی پالیسیوں کی بدولت جاری کھاتوں کا خسارہ سرپلس میں تبدیل ہو گیا ۔
فچ نے خبردار کیا پاکستان کو رواں مالی سال 22ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرضوں کی ادائیگی کرنی ہے، 13ارب ڈالر دو طرفہ قرضوں پر مشتمل ہیں،بیرونی فنانسنگ چیلنجز اور آئی ایم ایف پروگرام میں ممکنہ تاخیر مالی مشکلات میں اضافہ کر سکتی ہے، کریڈٹ ریٹنگ پر منفی اثر پڑنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق مشکل ساختی اصلاحات میں پیشرفت آئی ایم ایف پروگرام کے جائزوں و دیگر کثیر الجہتی و دوطرفہ قرض دہندگان سے جاری مالی معاونت کےلئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے،سٹیٹ بینک کا پالیسی ریٹ12فیصد تک کم کرنے کا فیصلہ صارفین کی قیمتوں میں افراط زر کو قابو میں رکھنے میں حالیہ پیشرفت کو اجاگر کرتا ہے،تیزی سے کم ہوتی افراط زر کی بڑی وجہ سبسڈی اصلاحات اور مستحکم ایکسچینج ریٹ ہے جو سخت مالیاتی پالیسی کے باعث ممکن ہوا، نتیجے میں ملکی طلب ،بیرونی مالی ضروریات میں کمی آئی،معاشی سرگرمیاں، سخت مالیاتی پالیسی کے اثرات کو جذب کرنے کے بعد اب استحکام اور کم ہوتے سودی نرخوں سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
فچ نے کہامالی سال 2025میں حقیقی قدر میں 3فیصد اضافہ ہوگا، نجی شعبے کو دئیے گئے قرضے میں اضافہ اکتوبر2024میں حقیقی معنوں میں مثبت ہو گیا،2023میں متعارف کردہ زرمبادلہ مارکیٹ اصلاحات نے بھی بہتری میں کردار ادا کیا، آئی ایم ایف کےساتھ کیے گئے وعدوں کے مطابق دوطرفہ شراکت دار ذخائر کی تجدید کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق مالیاتی اصلاحات میں پیشرفت ہوئی اگرچہ کچھ مشکلات بھی درپیش ہیں، بنیادی مالیاتی فاضل ہدف آئی ایم ایف کے متعین کردہ اہداف سے بہتر رہا تاہم مالی سال 2025کے پہلے 6ماہ وفاقی ٹیکس آمدنی آئی ایم ایف کی کارکردگی کے اشارے کے مطابق مطلوبہ شرح سے کم رہی، تمام صوبوں نے میں زرعی آمدنی پر ٹیکس بڑھانے کے قوانین منظور کیے جو کلیدی ساختی شرط تھی لیکن تاخیر کی وجہ سے جنوری 2025تک نفاذ ممکن نہ ہو سکا۔
ادھر مشیر قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا فچ رپورٹ وزیراعظم کی قیادت میں معاشی ٹیم کی انتھک محنت کا اعتراف اورپیشرفت مشکل اقتصادی حالات سے نکلنے کی امید پیدا کرتی ہے،ادارہ جاتی اصلاحات کا تسلسل اور معیشت کی دانشمندانہ سمت ملکی ترقی کےلئے ناگزیر ہے،معاشی بحالی کے سفر کو مزید رفتار دینا ہوگی تاکہ عوام کو ثمرات جلد میسر آئیں۔
مہنگائی میں کمی،پاکستانی معیشت مستحکم،عالمی ریٹنگ ایجنسی نے مہر ثبت کردی
















