پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے اپنی 15 باوٹ بھی جیت لی

لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے اپنی 15 باوٹ بھی جیت لی۔لاہور میں منعقدہ میگا انٹرنیشنل باکسنگ ایونٹ یو ڈبلیو پروموشن کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔ پاکستان، افغانستان، تنزانیہ، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کے باکسر مقابلے کیلئے رنگ میں اترے۔

ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستانی باکسر عثمان وزیر اور تنزانیہ کے باکسر البانو کلائیمٹ کے درمیان تھا، جہاں عثمان وزیر فاتح قرار پائے۔ڈبلیو بی او کے یوتھ چیمپئن، ڈبلیو بی سی کے مڈل ایسٹ چیمپئن اور ڈبلیو بی اے کے ایشین چیمپئن عثمان وزیر کی یہ لگاتار 15 ویں فتح ہے۔

عثمان وزیر جنہیں حکومت پاکستان نے باکسنگ میں ان کی اعلیٰ کارکردگی پر تمغہ امتیاز سے نوازا ہے، وہ باکسنگ ایرینا میں مسلسل 15 ویں فتح کے بعد پاکستان میں باکسنگ کے حوالے سے اب ایک نمایاں اور اہم نام بن کر ابھرے ہیں۔لاہور میں عثمان وزیر کی باوٹ کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود اور گلگت بلتستان کے گورنر بھی موجود تھے۔