اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تمام مذاہب کیلئے محفوظ ملک ہے۔ عالمی ہفتہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج ہم عالمی برادری کیساتھ ملکر بین المذاہب ہم آہنگی کا ہفتہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی ہم آہنگی اور اقدار کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں، اسلام انصاف، رحم اور مخلوقات کے احترام کا حکم دیتا ہے،انتہا پسندی اور تفرقہ انگیز بیان بازی سماجی تانے بانے کیلئے خطرہ ہے۔
انکا کہنا تھا کہ دنیا کو عدم برداشت اور تقسیم کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے، امن اور اتحاد کیلئے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کرنا ضروری ہے، شہری بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ لوگوں کو باہمی برداشت و تعاون کی اقدار کو اپنانے کی ترغیب دینی چاہیے، ہم رواداری اور باہمی احترام کے ماحول کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے، خوف کی فضا پھیلانے اور تقسیم کرنے والوں کو ہم اکٹھے ہو کر جواب دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ نفرت کے بیج بونے والوں کو ہم بات چیت سے جواب دیتے ہیں، مذہبی سکالرز، کمیونٹی رہنما اور شہری معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔
پاکستان تمام مذاہب کیلئے محفوظ ملک ہے: وزیراعظم شہباز شریف
















