اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عدلیہ میں ایک اور بحران،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کےلئے دوسری ہائیکورٹ سے جج لانے کی ممکنہ کوشش پرججز نے مخالفت میں صدر مملکت اور چیف جسٹس کو خط لکھ دیا،جسٹس محسن اختر کیانی سمیت دیگر ججز نے مشترکہ طور پر خط صدر مملکت ، چیف جسٹس کو ارسال کیا ۔
ججز نے کہا دوسری ہائیکورٹ سے جج نہ لایاجائے،اسلام آباد ہائیکورٹ سے ہی 3سینئر ججز میں سے کسی کو چیف جسٹس تعینات کریں،عدالتی ذرائع کے مطابق خط کی کاپی صدر ، چیف جسٹس ،سندھ ، لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو بھی ارسال کی گئی ۔
خط میں کہا گیا دوسری ہائیکورٹ سے جج لانے کےلئے وجوہات دینا ضروری ہے ، اسلام آباد ہائیکورٹ کی بہ نسبت لاہور ہائیکورٹ میں زیر التوا کیسز 2 لاکھ ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری سنیارٹی کیسے تبدیل ہوسکتی ہے؟،خط میں کہا گیا لاہور ہائیکورٹ سے جج اگر اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرانسفر کیا جاتا ہے تو آئین کے مطابق چیف جسٹس نہیں بن سکتا ، جج کا حلف اس ہائیکورٹ کیلئے ہوتا ہے جس میں وہ کام شروع کرےگا، ٹرانسفر ہونے والے جج کو آئین کے آرٹیکل 194 کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ میں کام شروع کرنے سے پہلے نیا حلف اٹھانا پڑے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ کیلئے ٹرانسفر ہونے والے جج کی سنیارٹی نئے حلف کے مطابق طے کی جائے گی،سپریم کورٹ طے کر چکی سنیارٹی کا تعین متعلقہ ہائیکورٹ میں حلف لینے کے دن سے کیا جائےگا، لاہور ہائیکورٹ سے جج لا کر اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بنایا گیا تو آئین کےساتھ فراڈ ہو گا، آئین کے مطابق ہائیکورٹ کا چیف جسٹس اسی ہائیکورٹ کے 3 سینئر ججز میں سے تعینات کیا جائے گا۔
ججز نے مزید کہاکسی اور ہائیکورٹ سے سنیارٹی میں نچلے درجے کے جج کو دوسری ہائیکورٹ میں ٹرانسفر کر کے چیف جسٹس کیلئے زیرغور لانا آئین کے مقصد کو شکست دینے کے مترادف ہے، آئین میں فیڈرل جوڈیشل سروس کا کوئی تصور موجود نہیں اور تمام ہائیکورٹس آزادو خودمختار ہیں۔
خط کے مطابق ہائیکورٹ میں جو ججز تعینات کیے جاتے ہیں وہ صرف مخصوص صوبے کی ہائیکورٹ کیلئے حلف لیتے ہیں، 2010 میں 18ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد پاکستان میں سیاسی جمہوری حکومتوں کے ادوار میں آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت ہائیکورٹ کے مستقل جج کی تعیناتی کی کوئی مثال نہیں ملتی، لاہور ہائیکورٹ میں 60 ججز کی گنجائش ہے ،صرف 35کام کر رہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ میں 58.33 فیصد ججز موجودہ ہیں جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پہلے ہی 12میں سے10ججز کام کر رہے ہیں ،تناسب 83.33فیصد بنتا ہے،تاثر درست نہیں جج کے تبادلے کی وجہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد ہے، حقیقت میں ججز کی زیادہ ضرورت اسلام آباد ہائیکورٹ کی بجائے لاہور ہائی کورٹ میں ہے۔
ادھر ذرائع کے مطابق خط پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب طاہر نے دستخط نہیں کیے مگردونوں کا نام موجود ہے،لکھے گئے خط پر جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز، جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے نام شامل ہیں۔
دوسری جانب چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل نے چیمبر میں ملاقات کی،پشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس و دیگرسپریم کورٹ ججز بھی موجود تھے،ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے ہونےوالے اجلاس پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
عدلیہ میں ایک اور بحران،ہائیکورٹ کے ججز کا صدر،چیف جسٹس کو خط
















