شمالی وزیرستان میں آپریشن،6خوراج جہنم واصل،میجر سمیت 2جوان وطن پر قربان
راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)شمالی وزیرستان میں آپریشن،6خوارج جہنم واصل،میجر سمیت 2جوان وطن پر قربان ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 29 اور 30 جنوری کی درمیانی شب میر علی میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا،پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا،6 خوارج مارے گئے،فائرنگ کے تبادلے میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی نعیم نے جام شہادت نوش کیا۔
میجر حمزہ اسرار شہید کی عمر 29 سال ،تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے،9 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا،حال ہی میں شادی ہوئی تھی،پسماندگان میں بیوہ، والدین اور بہن بھائی شامل ہیں،26 سالہ سپاہی نعیم شہید کا تعلق ضلع نصیر آباد سے ہے،6 سال تک دفاع وطن کا فریضہ انجام دیا،سوگواروں میں والدین شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہادہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
دریں اثنا میجر حمزہ اسرار شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی،وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار،وزیردفاع، وزیر اطلاعات سمیت سینئر حاضر سروس ، ریٹائرڈ فوجی افسروں، جوانوں، شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔
شہباز شریف نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قوم کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاعظیم قربانیاں قومی عزم کو مضبوط اور آنے والی نسلوں کیلئے پرامن و محفوظ پاکستان کے اجتماعی یقین کو تقویت دیتی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کےخلاف مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کےساتھ مکمل یکجہتی کےساتھ کھڑی ہے،نماز جنازہ کے بعد شہید میجر حمزہ اسرار کوآبائی گاوں میں پورے فوجی اعزاز کےساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
دوسری جانب صدر،وزیراعظم،وزیرداخلہ نے6 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہادہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے عزم غیر متزلزل رہے گا،قوم کے بیٹوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملاتے رہیں گے،شہید میجر حمزہ اسرار اور سپاہی نعیم نے وطن کے امن کی خاطر جانیں قربان کیں،بہادری پر فخر ہے،قوم کے بہادر سپوت وطن پر قربان ہو کر ہمیشہ کےلئے امر ہو گئے۔
















