کراچی:(بیورورپورٹ)سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے چیزیں بہتر ہو جائیں گی،چیف جسٹس نہ بنانے پر کسی سے کوئی شکوہ نہیں،سینئر پیونی جج ہونے پر بہت خوش ہوں، مجھے سینئر پیونی جج کہہ کر ہی مخاطب کیا جائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہاحلف الفاظ نہیں ہوتے، بہت گہرے معنی رکھتے ہیں، حلف مقدس وعدہ ہے توڑنا نہیں ، حلف کے ذریعے انصاف و قانون کی بالادستی کےلئے وعدہ ہے، حلف بتاتا مشکل حالات کا سامنا کیسے کرنا ہے، مشکل حالات کا سامنا ہو تو حلف پڑھ لیا کریں۔
سینئر جج سپریم کورٹ نے کہالوگوں کا دفاع کرنا بہادری کا کام ہے، آپ پر دباو آئیں گے، لالچ دیا جائے گا لیکن حلف نہیں چھوڑنا اگر حلف کی پاسداری کی جائے تو سارے مسئلے حل ہوجائیں گے، چیف جسٹس بہت اچھے ہیں،دعاگو ہوں اگر حلف توڑتے ہیں تو سارا نظام ہی ٹوٹ جاتا ہے، حلف کےساتھ کھڑے رہیں تو کبھی کوئی مسئلہ نہیں آئے گاعلم و دانش تو ہونی ہی چاہیے لیکن اگر جرات نہیں تو پھر وکیل نہ بنیں، جرات ہی اصل کہانی ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے شاعر مشرق علامہ اقبال کا مشہور زمانہ شعر بھی پڑھا کہ پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا میں،کرگس کا جہاں اور ہے، شاہیں کا جہاں اور۔
قبل ازیں جسٹس منصور علی شاہ نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا ،صدر کراچی بار ایسوسی ایشن عامر نواز وڑائچ نے سینئر پیونی جج کو اجرک کا تحفہ پیش کیا، جنرل سیکرٹری کی جانب سے یاد گاری شیلڈ پیش کی گئی،رحمن کورائی نے جسٹس منصور علی شاہ کو عوامی چیف جسٹس قرار دےدیا، تقریب میں موجود وکلا نے جسٹس منصورعلی شاہ کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
سینئر پیونی جج ہونے پر خوش ،چیف جسٹس نہ بنانے پر شکوہ نہیں،جسٹس منصور
















