اسلام آباد (مشرق نیوز) قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی داخلہ نے سوشل میڈیا قوانین سخت کرنے کا پیکا ایکٹ ترمیمی بل پاس کردیا، پی ٹی آئی کی رکن زرتاج گل اجلاس سے واک آوٹ کرگئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی راجہ خرم نواز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
راجہ خرم نواز نے ارکان کو بتایا کہ آج کے ایجنڈے میں دی پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا ) میں مزید ترامیم کا بل شامل ہے۔ جمشید دستی نے کہا کہ ہنگامی اجلاس بلانے کی کیا ضرورت تھی؟ ملک میں کالے قانون لائے جارہے ہیں، کشتی حادثے پر ڈی جی ایف آئی اے کو استعفیٰ دینا چاہئے۔
زرتاج گل نے کہا کہ یکدم اجلاس بلالیا گیا ہے جبکہ سیشن ابھی جاری ہے، کالے قوانین کیلئے اتنی جلد بازی کی جاتی ہے۔ سیکرٹری داخلہ کے اجلاس میں نہ آنے پر ارکان برہم ہوئے۔ چیئرمین نے کہا کہ فوری طور پر سیکرٹری داخلہ کو بلایا جائے۔ جمشید دستی نے کہا کہ ملک میں اس بل سے زیادہ دیگر مسائل چل رہے ہیں، کشتی حادثے میں ہمارے لوگوں کی اموات ہو رہی ہیں، ڈی جی ایف آئی اے کہاں ہیں، ایف آئی اے کیا کررہی ہے؟
زرتاج گل نے کہا کہ اس بل کو پاس کروانے کی اتنی جلدی کیوں ہے؟ حکومت کے جو کرتوت رہے ہیں سوشل میڈیا پر لوگ ان کے کرتوت بتاتے ہیں، پہلے حکومت نے فائر وال لگائی اس سے کام نہیں بنا تو اب یہ بل لیکر آئے ہیں، یہ نہیں ہوسکتا آپ کو کسی کا اکاو¿نٹ نہیں اچھا لگتا اسکی فیملی کو اٹھا لیں۔ بعد ازاں کمیٹی نے بل پاس کردیا تاہم زرتاج گل کمیٹی اجلاس سے واک آوٹ کرگئیں۔
قائمہ کمیٹی داخلہ نے سوشل میڈیا قوانین سخت کرنے کا پیکا ایکٹ پاس کردیا

















