موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کیا جائے گا : چوہدری شافع حسین

لاہور (کامرس رپورٹر) محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور انوائرمنٹ سیکٹر سے وابستہ امریکی کمپنی ایم 2ڈی کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور امریکہ کی سرمایہ کار کمپنی کے صدر فواد سرور نے معاہدے پر دستخط کئے۔معاہدے کی رو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کیا جائے گا اور ماحول دوست ٹیکنالوجیز کوفروغ دیا جائے گا۔ماحولیاتی چیلنجزسے نمٹنے کیلئے کمیونٹیز،پالیسی سازوں اور اسٹیک ہولڈرز کو ٹیکنیکل معاونت فراہم کی جائے گی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کیلئے تجاویز اور حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔عوام کی آگاہی کیلئے مشترکہ تعلیمی پروگرامز،ورکشاپس،ٹریننگ سیشنز اور سیمینارز کا اہتمام کیا جائے گا۔امریکہ کی کمپنی پنجاب میں ماحولیات سے متعلقہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گی اور ماحولیات سے متعلقہ منصوبوں کیلئے موثر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل بنایا جائے گا۔پنجاب میں امریکی کمپنی ایم 2ڈی کی سروسز کو فروغ دیا جائے گا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور امریکہ کے سرمایہ کار گروپ کے مابین تعاون کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں،باہمی تعاون کے معاہدے سے ماحولیاتی چیلنجزسے نمٹنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج عالمی چیلنج ہے جس سے مل کر ہی نمٹا جاسکتا ہے۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سموگ کے تدارک کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے ہیں۔پنجاب حکومت کا فوکس الیکٹرک وہیکلز سیکٹر کا فروغ ہے۔چاہتے ہیں کہ پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز کی اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کے کارخانے لگیں۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کے صنعتی مراکز میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات دی جارہی ہیں پاکستان اور امریکہ کے مابین ٹیکسٹائل کی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ نتائج کے حصول کے لئے فالو اپ پر یقین رکھتا ہوں اور اس پر عمل بھی کیا جارہا ہے۔امریکی کمپنی کے ڈائریکٹر صدف شاہ،فیصل جاوید،ماہر ماحولیات مسز اینا عیزابل میلگریجو اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والے معاہدے میں ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔