اسلام آباد: (بیورورپورٹ)عدالت نے احتجاج کیس میںعمران خان کی اہلیہ بشریٰ کی 13مقدمات میںضمانت درخواستیں 7 فروری تک منظور کرلیں۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ڈی چوک میں پی ٹی آئی احتجاج کیس پر سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی،فائلیں تیار کر کے نہ آنے پر جج نے وکیل خالد یوسف چودھری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا آپ فائلیں تیار کر کے آیا کریں، میری عدالت میں آکر فائلیں سیدھی کر رہے ہیں،وکلا کی جانب سے تمام عبوری درخواست ضمانتوں پر 7 فروری کی تاریخ مقرر کرنے کی استدعا کی گئی،جج نے وکلا سے کہا آپ کہہ رہے ہیں 7 فروری کی تاریخ دیگر ملزموں کی بھی ہے لیکن کوئی سرٹیفکیٹ نہیں دیا۔
وکلا کی جانب سے ملزمہ بشریٰ کا سادہ کاغذ پر دستخط اور انگوٹھا لگوانے پر جج طاہر عباس سپرا نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہر جگہ کہتے ہیں وی آئی پی پروٹوکول ملے ایسا نہیں ہو سکتا، آپ کو انتظار نہیں کرایا، فیصلہ لکھوا رہا تھا وہ چھوڑ کر آپ کی ضمانتوں پر سماعت کر رہا ہوں، جب عدالتی حکم نامہ نکلے گا ملزمہ کے دستخط ، انگوٹھا لگے گا۔
عدالت نے دوران سماعت وکیل ڈاکٹر قدیر خواجہ کے بولنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا یقین کرنا سیکھیں، عدالت پر یقین کیا کریں، آپ یقین کریں گے تو لوگ پھر آپ پر یقین کریں گے،عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم جاری کرتے ہوئے 5، 5 ہزار روپے مچلکوں کے عوض بشریٰ کی 13 عبوری درخواست ضمانتیں 7 فروری تک منظور کرلیں۔
دریں اثنا اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت کے دوران بشریٰ نے کہاقانون سے یقین ختم ہو گیا، ٹرائل کے دوران میں نے ججز کو بیمار ہوتے، کانپتے دیکھا،جج طاہر عباس سپرا نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا تھوڑا وقت لگ گیا لیکن قانونی ضابطے پورے کئے گئے ،ہر جگہ سے اعتماد نہیں اٹھا ، جسٹس سسٹم جیسا بھی چل رہا ہے اگر ختم ہو گیا تو سوسائٹی ختم ہو جائے گی، آپ میرے پاس کچہری میں بھی پیش ہوتی رہی ہیں۔
بشریٰ نے کہا ایک جج صاحب کا بلڈ پریشر 200 پر گیا لیکن سزا سنانی تھی اور وہ سنائی،ملک میں قانون ہے لیکن انصاف نہیں، بانی پی ٹی آئی جیل میں آئین کی بالادستی کےلئے قید ہیں،جج طاہر عباس سپرا نے کہا سب نے ملکر ملک کےلئے ساتھ چلنا ہے،بعد ازاں عدالتنے بشریٰ کو ہدایت کی آپ تمام مقدمات میں شامل تفتیش ہو جائیں،عدالت نے تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں7 فروری تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔
14مقدمات میں ضمانتیں ،ٹرائل کے دوران ججز کو بیمار ہوتے ، کانپتے دیکھا، بشریٰ

















