پشاور،اسلام آباد،راولپنڈی: (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے کہاہے حکومتی رویہ سنجیدہ نہیں،مذاکرات کا تیسرا دور شاید آخری ہو۔
اپنے ویڈیو بیان میں شوکت یوسف زئی نے کہاحکومت مذاکرات سے خوفزدہ لگ رہی ہے اگر اختیار ہے تو عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کیوں نہیں کرائی جاتی،پنجاب میں ترقی کا جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ے، لیپ ٹاپ تقسیم کرنے سے دل نہیں جیتے جاتے، بہت سارے نوجوان دیکھے ہیں جنہوں نے لیپ ٹاپ تو مریم نواز سے لئے لیکن تصویر عمران خان کی لگائی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہامیڈیا پر شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجہ کی لڑائی دیکھ کر افسوس ہوا، سینئر لیڈرشپ کی ذمے داری ہے پارٹی کے اندر ڈسپلن قائم کرے، حکومت بیک فٹ پر جا رہی ہے ،عمران خان نے پہلے ہی کہہ دیا تھا حکومت کے پاس اختیار نہیں لیکن بہت اچھا ہوا پی ٹی آئی نے مذاکرات کر کے حکومت کو ایکسپوز کر دیا،اسٹیبلشمنٹ کو بھی اب سمجھ آ جانی چاہیے ن لیگ ، پیپلز پارٹی ملک کے اوپر بوجھ ہیں، اڑان پاکستان کی باتیں کر رہے ہیں لیکن پیسہ کہاں ہے، ملک میں امن و امان، رول آف لا اور سیاسی استحکام نہ ہو تو کون پاکستان کے اندر انویسٹمنٹ کرےگا۔
ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاحکومتی کمیٹی کےساتھ تیسری میٹنگ کریں گے اور لکھ کر نکات سامنے رکھیں گے،سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کو بانی تحریک انصاف عمران خان کا اعتماد حاصل ہے،کس کو تعینات کرنا یا کس کو ہٹانا بانی پی ٹی آئی کو ہی طے کرنا ہے۔
دریں اثناپی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے مذاکرات ااصل طاقت والوں کےساتھ ہونے چاہئیںمیں بھی یہی کہتا ہوں جب حکومت کے پاس اختیار نہیں تو مذاکرات میں کیوں بیٹھے ہیں؟،کیاجوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے ایک سال چاہیے۔
حکومتی رویہ سنجیدہ نہیں،مذاکرات کا تیسرا دور شاید آخری ہو،پی ٹی آئی

















