کرم ایجنسی کیلئے امدادی سامان کا قافلہ ٹل میں پھنس گیا، مذاکرات بے نتیجہ

پشاور (مشرق نیوز) پاراچنار کے عوام نے ایک اور دن ضلع کرم کی سرحد پر ٹل میں پھنسے امدادی قافلے کا انتظار کرتے ہوئے گزارا، کیوں کہ حکومت اور مظاہرین کے درمیان گاڑیوں کے محفوظ راستے کو یقینی بنانے کیلئے مذاکرات بے نتیجہ رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیر ساجد طوری نے کہا کہ امن معاہدے کے بعد یہ حکومت کی ذمہ داری تھی کہ قافلہ پاراچنار پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ کرم کے ”محصور علاقوں“ میں صورتحال اچھی نہیں ہے اور اگر حکومت اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی تو صورتحال مزید خراب ہوگی۔ کئی ماہ تک جاری رہنے والے تشدد کے بعد (جس میں 130 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے) یکم جنوری کو متحارب فریقین کے درمیان ایک امن معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے، لیکن لڑائی میں کمی کے باوجود پاراچنار کو صوبے کے باقی حصوں سے ملانے والا راستہ بدستور بند ہے۔

ہفتے کے روز بگن کے علاقے کے قریب ایک سرکاری قافلے پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں کرم کے ڈپٹی کمشنر بھی زخمی ہوئے، اس کے بعد سے یہ امدادی سامان کا قافلہ پھنسا ہوا ہے۔ حملے کے جواب میں حکومت نے ایف آئی آر میں نامزد 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا، اس کے علاوہ 3 عمائدین نے خونریزی کے خاتمے کیلئے امن معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا۔