کرم میں اشیا ، ادویات کی قلت ،امدادی سامان خراب ہونے لگا

کرم،پشاور:(بیورورپورٹ)مندوری میں قبائلیوں کا دھرنا ،ٹل پارا چنار شاہراہ بدستور بند،اشیائے خور و نوش ، ادویات کی قلت ،امدادی سامان خراب ہونے لگا،قبائلی مظاہرین کا مطالبہ ہے بگن میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کے ازالے کےلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا دھرنے ، سڑک کی بندش کے باعث ٹل سے قافلے کی روانگی ممکن نہیں،ضلع کرم میں مرکزی شاہراہ 3 ماہ سے بند ہونے اور سامان کی ترسیل نہ ہونے کے باعث اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ مکمل طور پر ختم ہوچکا،قافلے کوکلیئرنس نہ ملنے کے باعث مال بردارگاڑیوں میں موجود سبزیاں، پھل و دیگر سامان خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

دریں اثنا کرم میں امن و امان کی بحالی کےلئے ٹاسک فورس بنانے ،ٹل پاراچنار روڈ پر 48 چیک پوسٹیں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، پولیس چیک پوسٹوں کےلئے درکار فنڈز سے حکومت کو آگاہ کیا جائےگا ،محکمہ داخلہ کے پی وفاقی حکومت سے پاراچنار میں ایف آئی اے سائبر ونگ قائم کرنے کی درخواست کرے گی۔

دستاویز میں بتایا گیا ٹل پاراچنار روڈ کی حفاظت کےلئے سپیشل پوسٹس فورس قائم کی جائےگی ، 399 ایکس سروس مینز کو بھرتی کیا جائے گا، کرم میں تمام بنکرز کا خاتمہ پولیس و ضلعی انتظامیہ کی مدد سے کیا جائے گا، حکومت کرم کے رہائشیوں سے اسلحہ خریدنے پر غور کرے گی اور کرم میں اسلحہ لائسنس کے جلد اجرا کےلئے خصوصی ڈیسک قائم کیا جائےگا۔