ایپکس کمیٹی کاپروپیگنڈا عناصر کےخلاف گھیرا تنگ کرنے پر اتفاق

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی نے بیرون ملک سوشل میڈیا پروپیگنڈا عناصر کےخلاف گھیرا تنگ کرنے پر اتفاق کرلیا۔

اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا، وفاقی وزرا ، چاروں وزرائے اعلیٰ، چیف سیکرٹریز، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ، ڈی جی ایف آئی اے نے شرکت کی،ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملکی مسائل سے نمٹنے کےلئے سیاسی اتفاق رائے و مثبت قومی بیانیے کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا، اجلاس میں عزم استحکام مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کےلئے ملک میں سیاسی استحکام کو اہم قرار دیا گیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے عوامی جان و مال کی حفاظت اور دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا، دوران اجلاس نیکٹا کو دوبارہ فعال کرنے ،خطرات کی نشاندہی کے مراکز کے قیام پر مشاورت ،ملک و خطے میں دہشتگردی، مذہبی انتہا پسندی، گمراہ کن معلومات کے پھیلاو¿ و دیگر مسائل سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کی حکمت عملی پربریفنگ دی گئی،شرکا نے ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور دہشتگردی کی لعنت کےخلاف متحد ہونے ،ہر قسم کی انتہا پسندی کو سختی سے کچلنے پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں غیر ملکیوں بالخصوص چینی باشندوں کے تحفظ کےلئے کیے جانےوالے حفاظتی اقدامات کی رپورٹ پیش گئی ، غیر ملکیوں خصوصاً چینی باشندوں کی سکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا،ذرائع کے مطابق شرکا نے ڈیجیٹل دہشتگردوں کےساتھ بھی سختی سے نمٹنے کی رائے دی، کمیٹی نے عزم کا اظہار کیا جعلی خبروں و غلط معلومات کے پھیلاو کا تدارک کرنا ہو گا،شرکا نے ملکی سلامتی و معاشی استحکام کےلئے یکسوئی کےساتھ آگے بڑھنے کا عزم کیا۔

فورم نے عزم کا اظہار کیا مسلح افواج کے جوانوں نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا وفاقی و صوبائی حکومتوں کےساتھ ساتھ تمام اداروں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا، دہشتگردی کےخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کو ضروری آلات و وسائل کی مکمل فراہمی یقینی بنانا ہوگی،اداروں کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا، فورم نے وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں کو محفوظ بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، کمیٹی نے فیصلہ کیا کسی کو بھی احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، فیک نیوز اور سوشل میڈیا پروپیگنڈا کا توڑ کرنے کےلئے ہر حربہ استعمال کیا جائے گا۔