کرم ، امن کمیٹیاں قائم، معاہدے پر باقی اراکین کےبھی دستخط،بند راستوں پر نرمی

کرم،پشاور:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)کرم میں حالات کی بہتری کیلئے امن کمیٹیاں قائم، بند راستوں پر نرمی ،سکیورٹی انتظامات مکمل ،معاہد ے پر باقی اراکین نے بھی دستخط کردئیے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق قافلوں کی صورت میں مسافر اور اشیائے خور ونوش کی ترسیل ہوگی،سکیورٹی کےلئے پولیس اہلکار ساتھ ہوں گے،قانون نافذکرنے والے اداروں کی سپورٹ بھی حاصل ہوگی، کرم کے حالات بہتر بنانے کےلئے جرگہ مشیروں ،سابق اراکین اسمبلی سمیت دیگر عمائدین پرمشتمل امن کمیٹیاں قائم کردی گئیں،وفاق نے صوبے کو ایف سی کی 10پلاٹونز کی خدمات فراہم کردیں۔

راستوں کی حفاظت کیلئے 400پولیس اہلکاروں کی بھرتی کےلئے صوبائی حکومت نے این او سی بھی جاری کردیا،بھرتیاں چند روز میں شروع ہو جائیں گی،ایف سی پلاٹونز کوکرم کے راستوں کی حفاظت کی ذمے داری دی جائے گی۔

دوسری جانب مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے کہاامن معاہدے کے بعد لشکر کشی کرنےوالوں کو دہشتگرد سمجھ کر کارروائی کی جائے گی،ہفتے کو جانےوالے قافلے کے سفری و حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے،ایپکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں علاقے کو اسلحے اور بنکرز سے پاک کیا جائے گا۔

بیرسٹر سیف نے کہااسلحہ جمع کرانے کےلئے دونوں فریق 15 دنوں کے اندر اندر مربوط لائحہ عمل دیں گے، اسلحہ کی آزادانہ نمائش و استعمال پر پابندی ہوگی اور اسلحہ خریدنے کےلئے چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،معاہدے کے مطابق فریقین کے ہر قسم کے بنکرز کی تعمیر پر پابندی ہوگی ،پہلے سے موجود بنکرز ایک مہینے کے اندر اندر ختم کیے جائیں گے،بنکرز کی مسماری کے بعد جو بھی فریق لشکر کشی کرے گادہشتگرد سمجھ کر کارروائی ہوگی۔