فیصلوں میں تاخیرکے فریقین اور وکلا یکساں ذمہ دار ، جوابدہ ہیں:سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) فیصلوں میں تاخیرکیلئے فریقین اور وکلا یکساں ذمہ دار ، جوابدہ ہیں،سپریم کورٹ نے جائیداد کے تنازع پر اہم فیصلہ جاری کردیا،13 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس علی مظہر نے تحریر کیا ،عدالتوں کے سامنے آنے والے مسائل اور حل کےلئے تجاویز پیش کی گئیں۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا عدالتوں میں مقدمات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونا ناقابل تردید ہے، عوام کی جانب سے فیصلے میں تاخیر کی ذمہ داری صرف عدالتوں پر ہی عائد کی جاتی ہے،بغیر تسلیم کیے فریقین ،وکلا بھی تاخیر کےلئے یکساں طور پر ذمہ دار اور جوابدہ ہیں، درحقیقت التوا کی درخواستیں دائر کرنا تاخیر کی بڑی وجہ ہے،ہر جج ملک کی تقریباً ہر عدالت میں موجود بڑے پیمانے پر پچھلے مقدمات سے آگاہ ہے، وقت آگیا ہے عدالتیں گراونڈ لیول پر بھی داخلی طور پر مناسب مینجمنٹ سسٹم برقرار رکھیں،جج کا مشن انصاف کی فراہمی اور فریقین کے درمیان تنازعات کو ملک کے قانون کے مطابق حل کرنا ہے، مقدمات کی درجہ بندی کےلئے مناسب حکمت عملی کا نظام موجود ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا اپیل کی سماعت پر تاخیر سے اکثر ملزم قید کے دوران انتقال یا اپنی سزا مکمل کر کے جیل سے رہا ہو چکا ہوتا ہے،انصاف کی فراہمی میں تاخیر انصاف سے انکار ہے۔