اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 2025 پاکستان کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔ سپیکر نے سال نو کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا کہ نئے سال کا سورج نئی خوشیوں اور امنگوں کے ساتھ طلوع ہو رہا ہے اور ہمیں خود احتسابی اور اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے غور و فکر اور اجتماعی عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ جمہوری اقدار کو فروغ دینے، بہتر طرز حکمرانی کے قیام اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے۔ سپیکر نے ملک کی تمام سیاسی قوتوں کو باہمی اختلافات بھلا کر مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنے اور قومی تعمیر و ترقی کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والا سال پاکستان کیلئے اتحاد، استحکام اور خوشحالی کا سال ثابت ہو گا۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ 2025 پاکستان کیلئے ترقی کی نئی راہیں کھولے گا اور اقوام عالم میں بلند مقام سے ہمکنار کرے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تمام سیاسی اور سماجی تفریق سے بالاتر ہو کر ایک مضبوط، خوشحال اور پر امن پاکستان کیلئے اجتماعی کوششیں کریں۔
2025ءملک کی خوشحالی اور ترقی کا سال ثابت ہو گا: سپیکر قومی اسمبلی
















