ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد، سہولت کاروں کا خاتمہ کرینگے، آرمی چیف

راولپنڈی: (بیورو رپورٹ) سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد، سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنےوالوں کا خاتمہ کرینگے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا ،موجودہ سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کیخلاف جاری کارروائیوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے افسروں و جوانوں سے خطاب میںآرمی چیف نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں جوانوں کی ثابت قدمی کو سراہا اور قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا شہدا پاکستان کا فخر ہیں، قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائےگا، پاک فوج قوم کی پرعزم حمایت کےساتھ ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی یقینی بنائے گی، ریاست کےخلاف مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث دہشت گردوں کو قیمت چکانا ہوگی، دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام شکلوں کو ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہامسلح افواج کی جرات اور غیرمتزلزل عزم ملکی خودمختاری کا سنگ بنیاد ہے، سکیورٹی فورسز کے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، ریاست کےخلاف مذموم سرگرمیوں میں ملوث فتنہ الخوارج، سہولت کاروں ، دہشت گردی پر اکسانے ،مالی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ کریں گے، قبل ازیں وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے استقبال کیا۔