خاتون افسر کی ہراسانی پر شنوائی کیلئے درخواست، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کی نیندیں حرام، محکمے میں خوشی کے شادیانے

لاہور (خبر نگار) خاتون افسر پلاننگ داتا گنج بخش زون کی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کیخلاف ہراسانی کی درخواست کے بعد محکمہ بلدیات پنجاب میں ہونے والی ہلچل کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی جس کے مطابق ہراسانی کی درخواست کے بعد جہاں پورا محکمہ خوشی سے پاگل ہے وہیں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈکی پریشانی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کافی عرصہ سے تعیناتی کے پلاننگ افسر منتظر امین مغل نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ درخواست گزار مہوش نعیم کو گھٹنوں کے بل بیٹھ کر سیکرٹری سے معافی منگوانے پر مجبور کریگا چنانچہ اس یقین دہانی کے بعد سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر نے مہوش نعیم کی انکوائری امین مغل کے سپرد کر دی ہے جو اس سے قبل پلاننگ افسر حیات کے پاس تھی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہراسانی کے الزام سے دلبراشتہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے مذکورہ انکوائری ٹرانسفر کرنے کیلئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل سے مبینہ طور پر اجازت نہیں لی، رولز کے مطابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے تحریری اجازت لینا ضروری عمل ہے ۔ دوسری جانب تعیناتی کے منتظر (او ایس ڈی) امین مغل نے انکوائری کی سماعت کے نوٹس پر راوی زون کا دفتر استعمال کرنے کا ذکر کیا ہے لیکن یہاں حیران کن امر یہ ہے کہ دھونس اور بدمعاشی سے ناجائز طور پر راوی زون کا دفتر استعمال کئے جانے کی کوشش پر ڈی سی لاہور اور چیف افسر تاحال خاموش دکھائی دے رہے ہیں تاہم مذکورہ افسران کو اپنا قانونی کردار ادا کرتے ہوئے راوی زون کا دفتر استعمال کئے جانے کی بدمعاشی کو روکنا ہوگا۔