استعفے کی افواہیں مسترد،بھاگ کر نہیں جائینگے، جسٹس منصور علی شاہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ نے استعفے کی افواہیں مسترد کرتے ہوئے کہاہے بھاگ کر نہیں جائیں گے، جتنا اختیار ہاتھ میں ہے استعمال کریں گے۔

صحافی نے سوال کیا کیا آپ کے مستعفی ہونے کی افواہیں درست ہیں؟جسٹس منصور علی شاہ نے جواب دیتے ہوئے کہا سب قیاس آرائیاں ہیں، بھاگ کر نہیں جائیں گے جو کام کر سکتا ہوں جاری رکھوں گا،نظام کو جتنا بہتر کرنے کا اختیار ہاتھ میں ہے استعمال کریں گے۔

دریں اثنا ” بچوں سے انصاف‘ ‘ کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہامفاد عامہ کے مقدمات سے کافی بہتری آتی ہے اور میں ہمیشہ کہتا ہوں عدالت آئیں میں اگرچہ آئینی بنچ میں نہیں مگر میرے ساتھی آپ کو سنیں گے،بچے مستقبل ہی نہیں آج بھی ہیں، عدالتوں میں بچہ پیش ہوتا ہے لیکن سنتے ہی نہیں، ماں باپ کو سن کر بچے کا فیصلہ کر دیں گے، بچہ جب بھی عدالت پیش ہو برائے مہربانی لازمی سنیں۔

سینئر جج سپریم کورٹ نے کہا بطور جج سبق ہونا چاہیے، فیصلہ سازی کے عمل میں بچے کو بھی لازمی سنا جائے، بدقسمتی سے بچے کو یوں سمجھ لیتے ہیں جیسے ویسے ہی کوئی چیز سائیڈ پر رکھی ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے بچہ عدالت آکر سارا دن بیٹھا رہے، بچے کے کیس کو فوری سنا جانا چاہیے، بچوں کو سائبر بلنگ جیسے خطرات کا سامنا ہے، ملک میں اڑھائی کروڑسے زائدبچے سکول نہیں جا رہے، سپیشل چائلڈ سہولیات موجود نہیں، بچیوں کو ونی کرنے جیسی رسومات اب تک موجود ہیں، شرم آنی چاہیے، جبری مذہب کی تبدیلی بھی بڑا مسئلہ ہے، سکول میں بچوں کو مارنے پیٹنے کا رجحان موجود ہے۔

اپنے خطاب کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے ہال میں موجود جسٹس جمال مندوخیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہابچوں کے معاملے پر آئین کے آرٹیکل 11 تین کی تشریح کی ضرورت ہے میں اب تشریح کر نہیں سکتا لیکن آپ (جسٹس جمال مندوخیل) کر سکتے ہیں، معذرت چاہتا ہوں، مجھے بار بار کہنا پڑ رہا ہے مگر اب کیا کروں میں تشریح کر نہیں سکتا

جسٹس منصور علی شاہ نے کہابچوں کے مقدمات کیلئے ملک میں چلڈرن کورٹس کی ضرورت ہے،ماتحت عدلیہ کے ججز کو بتانا چاہتا ہوں بچوں کےلئے انصاف کس قدر اہم ہے،عدلیہ کو بچوں کے حقوق کا تحفظ کرنا چاہیے، طوطا چوری ہو بچہ جیل میں بیٹھا ہے، بچوں کو عدالتی نظام سے مت گزاریں، بچے کو کیس سے گزرنے سے 15 سے 20 سال نہ لگ جائیں، چلڈرن کورٹس میں بچوں سے متعلقہ کیسز کے جلد فیصلے ہوں، دیکھنا ہے نظام انصاف بچوں کےلئے کیا کر رہا ہے، بچوں کو بھی آزادی رائے کا حق ہے،چائلڈ لیبر ،ٹریفکنگ پاکستان میں بڑا مسئلہ ہے،بچوں کو بہتر مستقبل کیلئے آگے جانا ہوگا